29 C
Lahore
Sunday, June 22, 2025
ہومانٹرٹینمنٹعدنان سمیع نے زیبا بختیار سے طلاق پر کیا کہا؟

عدنان سمیع نے زیبا بختیار سے طلاق پر کیا کہا؟


—فائل فوٹوز

عدنان سمیع نے زیبا بختیار سے طلاق سے متعلق کہا ہے کہ ہم نے کوشش کی، لیکن نبھا نہ سکے۔

معروف گلوکار، موسیقار اور کمپوزر عدنان سمیع نے پہلی بار تفصیل سے اپنی سابقہ اہلیہ زیبا بختیار سے علیحدگی پر بات کی ہے، ایک حالیہ انٹرویو میں انہوں نے بتایا کہ ان کا اور زیبا کا رشتہ ایک خوبصورت آغاز کے ساتھ جڑا، لیکن وقت کے ساتھ حالات بدلتے گئے اور آخرکار راستے الگ ہوگئے۔

عدنان سمیع نے کہا کہ رشتے محبت سے جڑتے ہیں، کبھی کبھی وقت کے ساتھ کچھ ایسا ہوتا ہے کہ وہ رشتہ قائم نہیں رہ پاتا، اس کا مطلب یہ نہیں کہ کوئی فریق برا ہے بلکہ یہ قسمت کا معاملہ ہوتا ہے، ہم نے نبھانے کی کوشش کی لیکن بات نہ بنی۔

انہوں نے مزید کہا کہ جب رشتہ ختم ہو جائے، تب بھی یاد رکھنا چاہیے کہ کبھی اس میں محبت تھی، اُس وقت کی عزت کرنی چاہیے اور آگے بڑھ جانا چاہیے۔

عدنان کی سابقہ اہلیہ اور معروف اداکارہ زیبا بختیار نے بھی ماضی میں ایک انٹرویو میں اس رشتے کی ناکامی پر افسوس کا اظہار کیا تھا، انہوں نے کہا تھا کہ شادی ختم ہونے کے بعد وہ اتنی ٹوٹ چکی تھیں کہ انہیں شوبز میں واپس آنے کی بھی خواہش نہیں تھی۔

ان کا کہنا تھا کہ میں نے جب عدنان سے شادی کی، تب فلموں سے کنارہ کشی اختیار کر لی تھی، میرا دھیان صرف ازدواجی زندگی اور بیٹے اذان پر تھا مگر جب شادی ناکام ہوئی، تو دوبارہ کام شروع کیا تاکہ خود کو سنبھال سکوں۔

زیبا اور عدنان کے درمیان بیٹے اذان کی تحویل پر شدید قانونی کشمکش ہوئی، زیبا نے دعویٰ کیا کہ متحدہ عرب امارات اور پاکستانی حکام نے ان کے ساتھ تعاون نہیں کیا، جس کے باعث انہیں کینیڈا کی عدالت سے رجوع کرنا پڑا اور بالآخر بیٹے کی تحویل زیبا کو مل گئی۔

عدنان سمیع نے اس دوران زیبا کے خلاف ہتکِ عزت کا مقدمہ بھی دائر کیا تھا، اس پورے عمل نے دونوں کے تعلقات کو مزید تلخ کر دیا، تاہم وقت کے ساتھ دونوں نے اپنی زندگیاں سنبھال لیں۔

عدنان سمیع اس وقت اپنی تیسری اہلیہ رویا سمیع خان کے ساتھ خوشحال زندگی گزار رہے ہیں اور ان کی ایک بیٹی مدینہ ہے جبکہ زیبا بختیار ایک بار پھر شوبز سے وابستہ ہیں اور اپنی پروڈکشن کمپنی کے تحت مختلف منصوبوں پر کام کر رہی ہیں۔



مقالات ذات صلة

جواب چھوڑ دیں

براہ مہربانی اپنی رائے درج کریں!
اپنا نام یہاں درج کریں

الأكثر شهرة

احدث التعليقات