31 C
Lahore
Sunday, June 22, 2025
ہومجرم و سزاراولپنڈی: قبر سے میت نکال کر نئی جگہ پر دفن کرنے کے عجیب واقعے...

راولپنڈی: قبر سے میت نکال کر نئی جگہ پر دفن کرنے کے عجیب واقعے کا مقدمہ درج، ملزم گرفتار


راولپنڈی کے تھانہ گوجرخان کے علاقے چنگا میرا میں قبر کھول کر میت کچھ فاصلے پر دفن کرنے کے معاملے میں پولیس نے قبر و میت کی  بے حرمتی کرنے میں ملوث مرکزی ملزم حنیف حنفی کو گرفتار کرکے تفتیش کا دائرہ وسیع کردیا ہے جس نے کئی انکشافات کیے ہیں۔

رپورٹ کے مطابق تھانہ گوجرخان میں  قبر سے از خود  میت نکال  کر سو میٹر دور نئی جگہ پر دفن کرنے کے عجیب واقعے کا مقدمہ درج کیا گیا ہے۔

مقدمے میں متوفی کے عزیز کامران ساجد نے موقف اختیار کیا تھا کہ موضع پڑی کا رہائشی ہوں گھر موجود تھا کہ نذیر نے سسر کے بھائی محمد اشفاق کی قبر سے متعلق اطلاع دی جن کی قبر چنگا میرا قبرستان میں ہے۔

محمد نذیر نے بتایا کہ آپ کے سسر کے بھائی محمد اشفاق جو سائیں لوگ تھے، ان کی قبر رات کی تاریکی میں نامعلوم افراد نے کھود کر میت نکال کر دوسری جگہ دفن کردی۔

اطلاع پر ماجد وغیرہ کے ہمراہ چنگا میرا قبرستان پہنچا تو دیکھا واقعی  محمد اشفاق جو 3 مارچ کو فوت ہوئے تھے ان کی میت قبر میں نہ تھی، محمد اشفاق فقیر منش آدمی تھے۔

گاؤں کے لوگوں نے اپنے طور پر بتایا کہ رات کی تاریکی میں حنیف، اختر اور عمران وغیرہ نے 10 نامعلوم کے ساتھ مل کرقبر کی بے حرمتی کی ہے۔

اس سے قبل حنیف حنفی نے مسجد میں اعلان بھی کروایا تھا کہ محمد اشفاق مرحوم کا دربار بنواؤں گا۔

حنیف وغیرہ کے خلاف قبر اور میت کی بے حرمتی کرنے پر قانون کے مطابق کارروائی کی جارہی ہے، پولیس نے تین نامزد اور دس نامعلوم ملزمان کے خلاف مقدمہ درج کرکے مرکزی ملزم حنیف حنفی کو گرفتار کیا اور تفتیش شروع کردی۔

پولیس تفتیش میں  انکشاف ہوا ہے کہ ساتھی ملزمان کے ساتھ مل کر  ورثا کے علم میں لائے بغیر از خود بزرگ کی میت کو اس کی اصل قبر سے نکال کر ایک سو میڑ کے فاصلے پر نئی جگہ پر دفن کرنے والا مرکزی ملزم حنیف حنفی کسی وقت اسکول ٹیچر بھی رہا۔

ملزم شعر و شاعری کرتا ہے اور کتاب بھی لکھ رکھی ہے، چنگا میرا کا ہی رہائشی ہے، گھر والوں سے مبینہ ناچاقی ہے اور کافی عرصے سے چنگا میرا کے ہی ایک دربار پر رہتا اور دیکھائی دیتا تھا۔

پولیس مزید تفتیش میں مصروف ہے یاد رہے کہ واقعہ کی اطلاع پر پولیس موقع پر پہنچی اور شواہد اکھٹے کیے۔

نبیل کھوکھر ایس پی صدر نے ایکسپریس کو بتایاکہ ملزمان نے میت کو قبر سے ایک سو میٹر کے فاصلے پر دوسری جگہ منتقل کردیا تھا جو بزرگ کا مزار بنانا چاہتے تھے۔

ملزمان کے خلاف مقدمہ درج کرکے مرکزی ملزم حنیف حنفی کو گرفتار کیا گیا اور تمام صورتحال عدالت کے روبرو رکھی اور میت کے ورثا پہلے والی جگہ پر ہی تدفین چاہتے تھے۔

عدالت کی اجازت سے ورثا کی مرضی کے مطابق میت کی پہلے والی جگہ پر اصل قبر میں تدفین کروادی جب کہ  دیگر ملزمان کی گرفتاری کے لیے چھاپے مارے جارہے ہیں۔



مقالات ذات صلة

جواب چھوڑ دیں

براہ مہربانی اپنی رائے درج کریں!
اپنا نام یہاں درج کریں

الأكثر شهرة

احدث التعليقات