وزیراعظم شہباز شریف نے مالیاتی بل 2025 میں متعارف ترامیم پر تحفظات دور کرنے کیلئے اعلیٰ اختیاراتی کمیٹی قائم کردی۔
مالیاتی بل 2025 میں متعارف ترامیم پر تحفظات دور کرنے کے لیے وزیراعظم شہباز شریف نے اعلیٰ اختیاراتی کمیٹی بنا دی۔
فیڈرل بورڈ آف ریونیو (ایف بی آر) کے مطابق وزیرِ خزانہ کی سربراہی میں کمیٹی حفاظتی اقدامات تجویز کرے گی جو ٹیکس افسران کو اختیارات کے غلط استعمال سے روک سکیں گے، کمیٹی جلد از جلد اپنی سفارشات وزیر اعظم کو پیش کرے گی۔
کمیٹی ارکان میں وزیر قانون، وزیر اقتصادی امور ڈویژن، وزیر مملکت خزانہ شامل ہوں گے، معاونِ خصوصی صنعت و پیداوار، چیئرمین ایف بی آر بھی کمیٹی اراکین میں شامل ہوں گے۔
ایف بی آر کا کہنا ہے کہ کمیٹی یقینی بنائے گی ٹیکس افسران اختیارات کا ناجائز استعمال نہ کریں، کمیٹی حفاظتی اقدامات تجویز کرے گی جو اختیارات کے غلط استعمال کو روک سکیں۔
فیڈرل بورڈ آف ریونیو کا کہنا ہے کہ مالیاتی بل کے بارے میں تاثر پیدا ہوا کہ کچھ ترامیم سے متعلق عوام میں ابہام پایا جاتا ہے، ٹیکس فراڈ میں ملوث افراد کی گرفتاری سے متعلق قانونی دفعات پہلے سے موجود ہیں، پرانے طریقہ کار کے مطابق گرفتاری کے بعد خصوصی جج کو فوری اطلاع دی جاتی تھی۔
گرفتار شخص کو 24 گھنٹوں کے اندر خصوصی جج کے سامنے پیش کیا جاتا تھا، مجوزہ ترمیم افسر کو کمشنر ان لینڈ ریونیو کی منظوری کے بعد اسے انکوائری کرنے کا پابند بناتی ہے، اس انکوائری رپورٹ کی بنیاد پر کمشنر ان لینڈ ریونیو تفتیش کی اجازت دے گا۔