اقوام متحدہ کے سیکریٹری جنرل انتونیو گوئتریس نے ایران اور اسرائیل کے درمیان فوری جنگ بندی کا مطالبہ کردیا۔
ایران اسرائیل تنازع پر اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کا اجلاس شروع ہوگیا۔
اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے سیکریٹری جنرل اقوام متحدہ انتونیو گوئتریس نے کہا کہ ایران بار بار کہہ چکا ہے کہ وہ ایٹمی ہتھیار نہیں بنا رہا ہے، کشیدگی کا حل صرف سفارت کاری میں ہے، غزہ میں بھی صورت حال تشویش ناک ہے۔
سیکریٹری جنرل اقوام متحدہ انتونیو گوئتریس نے کہا کہ سلامتی کونسل سے آج امن کا واضح پیغام جانا چاہیے، ایران اسرائیل تنازع مزید بڑھا تو پھر کسی کے کنٹرول میں نہیں رہے گا۔
انڈر سیکریٹری جنرل یو این نے کہا کہ ایران میں ایٹمی تنصیبات اور عوامی مراکز پر حملے کیے گئے، عوامی مقامات اور طبی مراکز پر حملے عالمی قوانین کے خلاف ہیں، دونوں طرف سے حملوں میں سینکڑوں افراد متاثر ہوئے۔
انہوں نے کہا کہ یورپی ممالک اور ایران کے درمیان آج ہونے والے مذاکرات کا خیر مقدم کرتے ہیں۔