ہالی ووڈ کے شہرت یافتہ اداکار اور امریکی ریاست کیلیفورنیا کے سابق گورنر آرنلڈ شوارزنیگر نے ہم عصر اداکار سلویسٹر اسٹالون کے ساتھ اپنی گزرے ماضی کو یاد کرتے ہوئے کہا کہ ہمارے درمیان تناؤ اور مقابلہ رہتا تھا۔
انھوں نے کہا ہمارے درمیان کافی طویل عرصے کشیدگی رہی اور پھر یہ ختم ہوگئی۔ 77 سالہ اداکار نے کہا کہ ماضی میں ہم دونوں کبھی دوست نہیں رہے۔
ایک امریکی نشریاتی ادارے سے گفتگو کے دوران کئی بلاک بسٹر فلموں میں غیر معمولی اداکاری کرنے والے آرنلڈ شوارزنیگر نے کہا کہ ہم ایک دوسرے سے نفرت کرتے تھے۔
واضح رہے کہ دونوں 1980 کی دہائی میں ہالی ووڈ کے صف اول کے ایکشن ہیروز تھے اور ان کا انڈسٹری پر غلبہ تھا۔ کئی بلاک بسٹر فلموں میں انکا مرکزی رول تھا، اسی وجہ سے دونوں میں اس عرصے کے دوران پیشہ ورانہ رقابت عروج پر تھی۔
آرنلڈ شوارزنیگر کے مطابق اس زمانے میں ہمارے درمیان حالات کافی کشیدہ تھے۔ لیکن اب وہ کشیدگی کافی عرصہ ہوا ختم ہو چکی ہے اور دشمنی سے دوستی کا سفر ایک غیر متوقع موڑ سے شروع ہوا۔
ہوا یوں کہ اچانک میں نے رابرٹ ارل اور کیتھ پیریش کے ساتھ پلینٹ ہالی ووڈ فرنچائز ریسٹورنٹس کا کام شروع کیا، اس دوران میرے پاس سلویسٹر اسٹالون کے وکیل کا فون آیا، اس کا کہنا تھا کہ کیا اس کاروبار میں سلویسٹر کے لیے بھی کوئی گنجائش ہے۔
جس پر مجھے خیال آیا کہ یہ تو دشمنی کو دوستی میں بدلنے کا مثبت اقدام ہوگا، یہ ایک اچھا آئیڈیا تھا۔
واضح رہے کہ پلینٹ ہالی ووڈ فرنچائز ریسٹورنٹس کا باضابطہ آغاز نیو یارک میں1991 میں آرنلڈ شوارزنیگر، سلویسٹر اسٹالون اور دیگر صف اول کے ہالی ووڈ اداکاروں نے مل کر کیا۔
شوارزنیگر کا کہنا تھا کہ ہم نے اسے کامیاب بنایا دشمنی ترک کی۔ بعد میں ہم نے ایسکیپ پلان اور دی ایکسپینڈبلز سیریز جیسی فلموں میں ایک ساتھ کام کیا۔