اسرائیلی فوج نے ایران پر حملوں کی تفصیلات جاری کردیں۔
ترجمان اسرائیلی فوج کا کہنا ہے کہ اب تک ایران کے دو تہائی میزائل لانچرز کو نشانہ بنا چکے ہیں، ایران کے پاس اب بھی 100 سے زیادہ میزائل لانچرز موجود ہیں۔
اسرائیلی فوج کا کہنا ہے کہ ایران میں بوشہر کو نشانہ بنانے کا بیان غلطی تھی، ایران میں نطنز، اصفہان اور آراک جوہری تنصیبات کو نشانہ بنایا ہے۔
دوسری جانب ایرانی سول ایوی ایشن کا کہنا ہے کہ ایران میں فلائٹ آپریشن کی معطلی میں جمعے کی شب 2 بجے تک توسیع کر دی ہے۔
اس سے قبل ایران نے اسرائیل پر ایک اور بڑا حملہ کردیا، پہلی بار 2 ہزار کلومیٹر تک مار کرنے والے سجیل میزائلوں سے اسرائیل کو نشانہ بنایا گیا۔ تل ابیب، رامت گن اور مقبوضہ بیت المقدس سمیت کم از کم چھ مقامات پر میزائل گرنے سے شدید نقصان ہونے کی اطلاعات ہیں۔
اسرائیلی میڈیا کا کہنا ہے کہ تازہ ایرانی میزائل حملہ حالیہ حملوں میں سب سے زیادہ بڑا تھا، حکام نے الزام لگایا ہے کہ ایرانی میزائلوں نے شہری آبادی میں مراکز کو نشانہ بنایاہے، ایرانی میزائل نے جنوبی اسرائیل میں اسپتال کو بھی نشانہ بنایا ہے، میزائل گرنے کے مقامات پر بڑی تباہی ہوئی ہے۔
دوسری جانب ایرانی میڈیا کا کہنا ہے کہ ایران کےآج کے حملوں کا ہدف آئی ڈی ایف کمانڈ اور انٹیلی جنس ہیڈکوارٹر، آئی ڈی ایف انٹیلی جنس کیمپ تھا، سروکہ میں اسپتال کے قریب انٹیلیجنس دفتر کو نشانہ بنایا گیا ہے۔
ایرانی میزائل حملے میں 47 اسرائیلی زخمی ہوئے، تین کی حالت تشویش ناک ہے۔