جنوب مغربی افریقہ کے ملک نمیبیا میں واقع نمیب صحرا دنیا کا سب سے قدیم اور خشک ترین صحرا مانا جاتا ہے۔ ایسے سنسان اور بے آب و گیاہ صحرا کے بیچوں بیچ ایک بالکل درست اور صحیح حالت میں موجود گلابی رنگ کا فریج لوگوں کیلئے باعث حیرت ہے۔
تصور کریں کہ آپ افریقہ کے ایک صحرا میں پیدل سفر کر رہے ہوں، جہاں تا حد نظر چاروں طرف صرف چٹانیں اور بنجر پہاڑ ہوں اور اچانک آپ کی نظر ایک گلابی رنگ کے فریج اور ایک دھاتی میز پر پڑے، جن کے ساتھ دو چھوٹی کرسیاں رکھی ہوں۔
یہ منظر کسی صحرا میں سراب کی مانند لگتا ہے، لیکن حیرت کی بات یہ ہے کہ یہ باربی انداز کا فریج نہ صرف حقیقی ہے بلکہ مکمل طور پر فعال ہے اور اسے مسلسل تازہ مشروبات سے بھرا جاتا ہے۔
یہ منفرد فریج صحرائے نمیب میں ایک شمال سے جنوب کی کا جانب جانیوالی مرکزی سڑک سے 20 منٹ کی مسافت پر پے اور اسے نمیبیا کی حکومت کے سیاحتی بورڈ نے یہاں نصب کیا ہے۔ یہ اب افریقہ کے اس ملک کی سب سے مقبول سیاحتی کشش میں تبدیل ہو چکا ہے۔
اس کا تصور صحرا میں ایک جدید نخلستان کے طور پر پیش کیا گیا ہے، تاکہ یہ یہاں آنے والے تھکے ماندے مسافروں کے لیے پیاس بجھانے کا ذریعہ بنے۔
یہ گلابی ریفریجریٹر سولر کی توانائی سے چلتا ہے اور اس میں موجود مشروبات مسافروں کو بالکل مفت مہمان نوازی کے جذبے کے تحت فراہم کیے جاتے ہے۔
ذرائع کے مطابق اسے روزانہ کئی بار مختلف مشروبات، جس میں پانی اور برفیلی چائے شامل ہے، سے بھرا جاتا ہے۔ لیکن کیونکہ یہ غیر عمومی نخلستان اب سیاحوں کے لیے اس قدر مشہور ہوگیا ہے کہ یہاں پر شام تک یہ فریج خالی ہوجاتا ہے۔