سینئر اداکارہ فضیلہ قاضی اور ان کے شوہر قیصر خان نظامانی نے نجی ٹی وی کے مارننگ شو میں نوجوان جوڑوں کےلیے ازدواجی زندگی کو خوشگوار بنانے سے متعلق قیمتی مشورے دیے۔
فضیلہ قاضی نے کہا کہ محبت کا مطلب ہے ایک دوسرے کو جگہ دینا، ہم جڑواں نہیں ہیں کہ ہر کام ایک جیسا کریں، ہم دو مختلف پس منظر سے آئے افراد ہیں اور ہم نے ایک دوسرے کو سمجھ کر اپنے آپ کو بدلا، ازدواجی زندگی میں لچک ضروری ہے، ضد نہیں اور صرف خود کو اہم سمجھنا ٹھیک نہیں۔
ان کے شوہر قیصر خان نظامانی نے بھی قیمتی رائے دی کہ گھر بھی ایک ملک کی طرح ہوتا ہے، جو معیشت پر چلتا ہے، اگر مرد مالی طور پر مستحکم ہو تو وہ اپنے خاندان کا بہتر تحفظ کر سکتا ہے، مالی استحکام ہی گھرانے کی بنیاد ہے۔
ندا یاسر نے گفتگو میں کہا کہ ہمارے معاشرے میں مرد باہر کام کرتے ہیں، خواتین کا زیادہ وقت گھر میں گزرتا ہے اور ان کی توجہ کا مرکز مرد ہوتے ہیں، اگر خواتین زیادہ شکایت کریں تو مرد دور ہونے لگتے ہیں۔
فضیلہ قاضی نے یہ بھی کہا کہ ہر رشتے میں می ٹائم یعنی ذاتی وقت بہت ضروری ہوتا ہے، اگر میاں بیوی ایک دوسرے کو وقت دینے کے ساتھ ساتھ خود کو بھی وقت دیں تو رشتہ زیادہ مضبوط ہوتا ہے۔