ایران اسرائیل جنگ کے باعث بلوچستان کے شمال بالائی اضلاع میں پیٹرول کا بحران شدت اختیار کر گیا۔
پیٹرولیم ایسوسی ایشن کے مطابق شمالی اضلاع میں 95 فیصد پمپوں پر ایرانی پیٹرول فروخت ہوتا ہے تاہم پیٹرول نہ آنے سے بلوچستان کے شمال بالائی اضلاع چمن، قلعہ عبداللّٰہ، پشین، زیارت، لورالائی، دکی، ہرنائی میں پیٹرول کا بحران ہے۔
ایرانی پیٹرول کی غیرقانونی ترسیل نہ ہونے سے چمن شہر کے 90 فیصد پیٹرول پمپ بند ہوگئے جبکہ چند کھلے پمپوں پر پیٹرول مہنگے داموں فروخت ہونے لگا۔
اسسٹنٹ کمشنر چمن امتیاز علی کے مطابق سرکاری نرخ سے زائد پر پیٹرول فروخت کرنے والے 10 پمپ مالکان کو گرفتار کرلیا گیا ہے۔
پیٹرول بحران پر کوئٹہ میں مختلف کمپنیوں کے پیٹرول ڈپو حکام سے رابطہ کیا گیا ہے جنہوں نے پاکستانی پیٹرول کی سپلائی جلد شروع کرنے کی یقین دہانی کروائی ہے۔