اسلام آباد:
وزیر خارجہ اسحاق ڈار کو آج برطانوی ہم منصب ڈیوڈ لیمی کا ٹیلی فون موصول ہوا جس میں مشرق وسطیٰ کی تیزی سے بگڑتی ہوئی امن کی صورتحال پر بات ہوئی۔
ایکسپریس کے مطابق نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ سینیٹر محمد اسحاق ڈار کو آج برطانیہ کے وزیر خارجہ ڈیوڈ لیمی کا ٹیلیفون موصول ہوا، دونوں رہنماؤں نے مشرق وسطیٰ میں تیزی سے بگڑتی ہوئی سیکیورٹی صورتحال پر شدید تشویش کا اظہار کیا۔
اسحاق ڈار نے اسرائیل کی ایران پر بلا جواز جارحیت کو خطے اور عالمی امن و استحکام کے لیے سنگین خطرہ قرار دیا۔
دونوں وزرائے خارجہ نے کشیدگی میں کمی اور کسی بھی ممکنہ خطرناک صورتِ حال سے بچنے کی فوری ضرورت پر زور دیا۔
ترجمان دفتر خارجہ کے مطابق پاکستان علاقائی امن و سلامتی کو اولین ترجیح دیتا ہے اور سفارتی ذرائع سے مسئلہ کے حل کی حمایت کرتا ہے۔