ایران نے اسرائیل پر بڑے حملے کی تیاری کرلی، اہم فوجی انٹیلی جنس مراکز کو نشانہ بنانے کا منصوبہ بنالیا۔
ایرانی سپریم نیشنل سیکیورٹی کونسل کا کہنا ہے کہ ایران اسرائیل پر بڑے اور شدید میزائل حملے کی تیاری کر رہا ہے، اسرائیل کے لیے آج رات کو دن بنا دیں گے۔
ایرانی میڈیا کا کہنا ہے کہ آج کے ایرانی حملوں میں اسرائیل کے اہم فوجی، انٹیلی جنس مراکز نشانہ ہوں گے، اہداف کی فہرست میں حیفا کے نزدیک رمات ڈیوڈ ایئر بیس بھی شامل ہے۔
ایران کا کہنا ہے کہ آنے والے گھنٹوں میں جائز دفاع کے دائرہ کار میں موزوں اور تباہ کُن ردعمل دیا جائے گا، ایرانی ایئر ڈیفنس نے اسرائیل کا ایک اور ایف 35 طیارہ مار گرایا ہے۔
ایرانی خبر ایجنسی نے دعویٰ کیا ہے کہ اسرائیلی ایف 35 طیارہ تبریز میں مار گرایا ہے۔
دوسری جانب اقوام متحدہ میں ایرانی مندوب عامر سعید نے اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کو خط لکھ کر بتایا کہ اسرائیل پر ایرانی حملے دفاع میں کیے جا رہے ہیں، اسرائیل پر حملے متناسب اور دفاعی آپریشن ہے۔
ایرانی مندوب کا کہنا ہے کہ اسرائیل پر حملوں میں فوجی اہداف اور متعلقہ ڈھانچے کو نشانہ بنایا جا رہا ہے، اسرائیل کے ایران پر حملوں میں تیسرے ممالک کا تعاون انہیں اس بحران کی قانونی ذمہ داری اور نتائج میں شریک بنا دے گا۔
ترجمان ایرانی وزارت خارجہ اسماعیل بقائی کا کہنا ہے کہ اسرائیل سچ کا سب سے بڑا دشمن، صحافیوں اور میڈیاپرسنز کا سب سے بڑا قاتل ہے۔
اسماعیل بقائی نے براہ راست نشریات کے دوران ٹی وی چینل کو نشانہ بنانے کے عمل کو جنگی جرم قرار دیا اور کہا کہ اقوام متحدہ سلامتی کونسل اس نسل کش جارح کو ہمارے لوگوں کے خلاف مزید ظالمانہ کارروائیوں سے روکے۔