ایران نے ایک بار پھر اسرائیل پر میزائل حملوں کا نیا سلسلہ شروع کر دیا ہے۔
ایرانی خبر رساں ادارے تسنیم نیوز کے مطابق ایرانی فوج نے اسرائیل کے خلاف تازہ فضائی کارروائیوں کا آغاز کر دیا ہے جس میں ایران کی جانب سے تل ابیب ، مقبوضہ بیت المقدس اور حیفہ سمیت متعدد مقامات پر درجنوں بیلسٹک میزائلز فائر کیے گئے جس سے اسرائیلی شہریوں میں خوف و ہراس پھیل گیا اور ان کو محفوظ مقامات پر منتقل ہونے کی ہدایات جاری کی گئیں۔
اسرائیلی فوج کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ تازہ حملوں کی اطلاعات کے بعد الرٹ سسٹم کو فعال کر دیا گیا ہے اور شہریوں کو فوری طور پر محفوظ مقامات پر پناہ لینے کی ہدایت دی گئی ہے۔
اسرائیلی ملٹری کے ایکس (X) پر جاری بیان کے مطابق اس وقت فضائیہ خطرے کے خاتمے کے لیے ان علاقوں میں کارروائی کر رہی ہے جہاں ضرورت ہے اور میزائل حملوں کو ناکارہ بنانے کی کوشش کی جا رہی ہے۔
یہ حملے ایسے وقت میں ہو رہے ہیں جب ایران اور اسرائیل کے درمیان کشیدگی انتہا کو پہنچ چکی ہے اور دونوں ممالک ایک دوسرے کے خلاف بھرپور فوجی کارروائیاں کر رہے ہیں۔ تازہ حملوں سے خطے میں ایک وسیع جنگ کے خطرات مزید بڑھ گئے ہیں۔