امریکا میں خود کو فلائٹ اٹینڈنٹ ظاہر کرکے 120 بار مفت فضائی سفر کرنے والا شخص بلآخر قانون کے شکنجے میں آگیا۔
35 سالہ یہ شخص خود کو فلائٹ اٹینڈنٹ ظاہر کرکے مفت فضائی سفر کرنے کا مجرم گردانا گیا ہے۔
وفاقی پراسیکیوٹر نے ٹائیرون الیگزینڈر نامی اس شخص پر بہانے سے ہوائی اڈے کے محفوظ علاقے میں داخل ہونے اور 2018 اور 2024 کے درمیان کم از کم 120 بار وائر فراڈ (امریکا میں الیکٹرانک کمیونیکشن کے ذریعے فراڈ) کرنے کا الزام عائد کیا۔
اطلاعات کے مطابق اس نے ایک مشترکہ ایئر لائن پالیسی کا فائدہ اٹھایا جو دیگر ایئر لائنز کے فلائٹ اٹینڈنٹ اور پائلٹوں کو مفت پرواز کرنے کی اجازت دیتی ہے۔
اصل میں اس نے 2013 اور 2015 کے دوران ریجنل ایئر لائنز میں بطور فلائٹ اٹینڈنٹ کے طور پر کام کیا تھا تو اسے مختلف ایئر لائنز کی ویب سائٹ پر فلائٹ اٹینڈنٹ کے آپشن کو آن لائن چیک کرنا آتا تھا۔
اس مقصد کے لیے درخواست گزار کو اپنے آجر، تاریخ تقرری اور بیج نمبر فراہم کرنا ہوتا ہے، لہٰذا اس نے جھوٹی معلومات استعمال کیں، جسے کبھی کسی نے چیک نہیں کیا اور اسکا فائدہ اٹھا کر وہ 120 سے زیادہ مرتبہ چار ایئر لائنز میں فلائٹ اٹینڈنٹ بن کر اٹلانٹا، ڈلاس، لاس ویگاس اور لاس اینجلس کے مفت سفر کے مزے اڑاتا رہا۔
مذکورہ بالا فارم بھرنے کے دوران وہ دعویٰ کرتا تھا کہ اس نے سات مختلف ایئرلائنز میں کام کیا ہے، اب اسے فراڈ کے جرم پر زیادہ سے زیادہ 20 برس اور ایئر پورٹ کے ممنوعہ علاقے میں دھوکہ دہی سے داخل ہونے پر 10 برس کی سزا ہوسکتی ہے۔ اس کے کیس کی سماعت 25 اگست کو ہوگی۔