گزشتہ رات اور آج صبح ایران کی طرف سے اسرائیل پر کیے جانے والے حملوں میں ہلاکتوں کی تعداد 14 ہوگئی۔
عرب میڈیا کے مطابق ایران نے رات اور صبح اسرائیل پر حملوں میں ہائپر سونک میزائل اور ہائبرڈ ڈرونز استعمال کیے تھے۔
دوسری جانب ایران کے وزیر خارجہ عباس عراقچی نے کہا ہے کہ اسرائیل نے ایران کی ایٹمی تنصیبات پر حملہ کر کے ایک نئی سرخ لائن عبور کرلی ہے۔
تہران میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے عباس عراقچی نے کہا کہ اسرائیل ایٹمی تنصیبات پر حملے کر رہا ہے۔ اسرائیل کے توانائی کے ڈھانچوں پر حملے جنگ کو خلیجِ فارس تک لے آئے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ اسرائیل پر جوابی حملہ بین الاقوامی قوانین کے مطابق اپنے دفاع میں کیا۔ ایران نے اسرائیل کے فوجی اور اقتصادی اہداف کو نشانہ بنایا۔ ایران پر اسرائیلی حملے امریکا کی آشیرباد کے بغیر ناممکن تھے۔