اسرائیل کی فضائی حدود بدستور بند ہے اور اس کی بحالی کو سیکیورٹی صورتحال سے مشروط کردیا گیا ہے۔
اسرائیل نے اعلان کیا ہے کہ بن گوریون ایئرپورٹ پر تمام پروازوں کی آمد و روانگی تاحال معطل ہے اور فضائی حدود بند رہیں گی جب تک کہ سیکیورٹی صورتحال مکمل طور پر محفوظ قرار نہ دی جائیں۔
اسرائیلی ایئرپورٹ اتھارٹی کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ کسی بھی ممکنہ بحالی کے اعلان سے کم از کم 6 گھنٹے پہلے اطلاع دی جائے گی تاکہ ایئر لائنز اور مسافر تیاری کر سکیں۔
اتھارٹی کے مطابق وزارتِ ٹرانسپورٹ اور روڈ سیفٹی، سول ایوی ایشن اتھارٹی اور اسرائیلی ایئر لائنز کے تعاون سے ایک مربوط منصوبہ تیار کیا گیا ہے تاکہ بیرونِ ملک پھنسے اسرائیلی شہریوں کو بحفاظت وطن واپس لایا جا سکے۔
واضح رہے کہ اسرائیل کی فضائی حدود حالیہ سیکیورٹی خطرات کے پیشِ نظر بند کی گئی تھی، حکام کا کہنا ہے کہ پروازوں کی بحالی کا فیصلہ صرف اُس وقت کیا جائے گا جب مکمل طور پر یقین ہو جائے کہ مسافروں اور عملے کی جان محفوظ ہے۔