ایبٹ آباد کے ملٹری اسکول ’پاکستان ملٹری اکیڈمی‘ میں ’گولڈن نائٹ‘ نامی ایک دلچسپ رواج پایا جاتا ہے جس کی پاک آرمی کے ایک نوجوان نے تفصیل بتائی۔
عیدالاضحیٰ کے موقع پر جیونیوز کے پروگرام ’ہنسنا منع ہے‘ کے توسط سے عوام کو پاک آرمی سے متعلق دلچسپ معلومات جاننے کا موقع ملا۔
’ہنسنا منع ہے‘ کے میزبان تابش ہاشمی نے پاک فوج کے ساتھ متعدد شوز کیے جنہیں بےحد سراہا جارہا ہے۔
آزاد کشمیر میں کیے گئے شو میں اپنے شو کی روایت کے مطابق تابش ہاشمی نے پاک فوج کے نوجوانوں کی آنکھوں پر بھی پٹی باندھی اور ان کے ساتھ اسکرین پر دکھائی جانے والی پہیلی سے متعلق پوچھا۔
اسی دوران پاک فوج کے ایک نوجوان نے ’گولڈن نائٹ‘ کا ذکر چھیڑ دیا۔
میزبان تابش ہاشمی کی جانب سے تفصیل پوچھنے پر کیپٹن شیر جنگ نے بتایا کہ پاکستان ملٹری اکیڈمی کی یہ روایت ہے کہ پاس آؤٹ ہونے سے قبل ایک خصوصی رات کا اہتمام کیا جاتا ہے، بنیادی طور پر اس رات جشن منایا جاتا ہے، اس رات کو پی ایم اے میں ’گولڈن نائٹ‘ کے نام سے پکارا جاتا ہے۔
پاک فوج کے جوان کے مطابق گولڈن نائٹ پر پاک آرمی کے سینئرز اور جونیئرز میں کوئی فرق نہیں ہوتا۔ جونیئر 6 ماہ کی ٹریننگ کے دوران خود کو ملنے والی سزاؤں کا اپنے سینئرز سے بدلہ لیتے ہیں، 6 ماہ کے دوران جتنا رگڑا جونیئرز کو لگایا جاتا ہے، گولڈن نائٹ پر جونیئرز وہ سارے حساب اپنے سینئرز کے ساتھ پورے کر لیتے ہیں۔