کراچی (اسٹاف رپورٹر)آئی سی سی ورلڈ ٹیسٹ چیمپئن شپ کافائنل دلچسپ اور فیصلہ کن مرحلے میں داخل ہوگیا ہے۔لارڈز کی پچ بیٹنگ کیلئے ساز گار دکھائی د ے رہی اور جنوبی افریقا کی ٹیم چوکرز کے ٹیگ کو ختم کرکے دوسرا آئی سی سی ٹائیٹل جیتنے کی جانب بڑھ رہی ہے۔ جمعے کو چوتھے دن کھیل کے اختتام پر جنوبی افریقا نے دو وکٹ کے نقصان پر213رنز بنائے تھے اور اسے میچ جیتنے کیلئے69رنز درکار ہیں جبکہ آسٹریلیا کو8کھلاڑیوں کا شکار کرنا ہوگا، میچ میں جنوبی افریقا کی پوزیشن مستحکم اور گرفت مضبوط دکھائی دے رہی ہے،ایڈن مارکرم102رنز پر ناٹ آوٹ ہیں، انہوں نے ذمے دارانہ اننگز کھیلی،کپتان ٹیمبا باووما 65رنز کے ساتھ کریز پر ہیں ،دونوں کے درمیان تیسری وکٹ کے لئے143رنز ناقابل شکست شراکت ہوچکی ہے ،اس شراکت نے جنوبی افریقا کو جیت کی راہ پر گامزن کرنے میں اہم کردار ادا کیا، جنوبی افریقا نے دوسری اننگز شرو ع کی توریان ریکلٹن چھ رنز بناکر کاٹ بی ہائینڈ ہوئے۔ مولڈر27رنز بناکر آوٹ ہوئے۔ 70کے اسکور پر دوسری وکٹ بھی مچل اسٹارک نے حاصل کی۔انہوں نے53رنز کے عوض دونوں کھلاڑیوں کو آوٹ کیا،دوسرے وکٹ پر61رنز بنے۔جس کے بعدایڈن مارکرم اورکپتان ٹیمبا باووما نے مزاحمت کرتے ہوئے آسٹریلوی بولروں کو کنٹرول میں رکھا۔مارکرم نے نصف سنچری69گیندوں پر چار چوکوں کی مدد سے مکمل کی۔ تیسرے روز آسٹریلیا کی ٹیم اپنی دوسری اننگز میں 207رنز پر آؤٹ ہوگئی، لارڈز آسٹریلیا نے جنوبی افریقا کو جیت کیلئے 282رنز کا ہدف دیا۔آسٹریلیا نے اپنی پہلی اننگز میں 212رنز بنائے تھے جس کے جواب میں جنوبی افریقا کی ٹیم اپنی پہلی اننگز میں 138رنز پر آؤٹ ہوگئی تھی۔ آسٹریلیا نے اپنی دوسری اننگز کا آغاز 74 رنز کی برتری سے کیا اور 65 اوورز میں 207رنز بناکر آؤٹ ہوئی۔ تیسرے روز آسٹریلیا نے 8وکٹوں کے نقصان پر 144رنز کیساتھ اننگز کا آغاز کیا، تاہم دن کے آغاز پر نتھین لائن کی پہلی وکٹ گری، جو محض 2رنز بناکر آوٹ ہوگئے۔جوش ہیزل ووڈ 17رنز بناکر آؤٹ ہوگئے جبکہ مچل اسٹارک 58رنز کے ساتھ ناٹ آؤٹ رہے،یہ دوسری اننگز کا سب سے بڑااسکور تھا۔ وہ190 منٹ کریز پر رہے، 136گیندوں کا سامنا کیا جس میں پانچ چوکے شامل تھے۔جنوبی افریقا کی جانب سے کیگیسو رباڈا نے59رنز دے کر چار وکٹ حاصل کئے۔لونگی نگیدی نے36رنز کے عوض تین کھلاڑیوں کو آوٹ کیا۔مارکو جینسن،مولڈر اور ایڈن مارکرم نے ایک، ایک وکٹ حاصل کی۔