کراچی(نصر اقبال، اسٹاف رپورٹر) سندھ کے نئے مالیاتی بجٹ میں کھیلوں کی19نئی اسکیمیں رکھی گئی ہیں، جبکہ کھیلوں اور امور نوجوان کیلئے چھ ارب 15کروڑ روپے کی رقم رکھی گئی ہے،بجٹ میں پاکستان ہاکی فیڈریشن کیلئے بدستور 10کروڑ روپے کی گرانٹ بھی شامل ہے، بجٹ میں سندھ گیمز کیلئے 15کروڑ روپے رکھے گئے ہیں، یوتھ افیئرز کیلئے ایک ارب روپے جبکہ کھیلوں کی سر گرمیوں کیلئے 30کروڑ روپے رکھے گئے ہیں، بجٹ میں اسٹریٹ چلڈرن کی کھیلوں کی سرگرمیوں کیلئے پانچ کروڑ روپے کی رقم شامل ہیں،بجٹ میں پہلے سے جاری منصوبوں کی تکمیل کیلئے رقم میں خاطر خواہ اضافہ بھی کیا گیا ہے،یوتھ ڈیولپمنٹ کیلئے ایک ارب روپے کی رقم مختص کی گئی ہے، کھیلوں کی نئی اسکیموں میں کراچی، حیدر آباد، سکھر،بے نظیر آباد،گھوٹکی، شکار پور، خیر پور، دادو، لاڑ کانہ جیکب آباد میں کھیلوں کے میدانوںکی بہتری، جمنازیم، ہاسٹل، اسٹیڈیم کی تعمیر اور پہلے سے موجود اسٹیڈیمز میں فلڈ لائٹ کی تنصیب کے منصوبے شامل ہیں،نئے بجٹ میں حیدر آباد قاسم آباد میں موجود اسپورٹس اسٹیڈیم کی اپ گریڈیشن کیلئے خصوصی فنڈ رکھا گیا ہے، پرانے منصوبوں میں الفلاح گراؤنڈ بلاک ایچ نارتھ ناظم آباد میں زیر تعمیر اسٹیڈیم اور محمد سمیع کر کٹ اکیڈمی کیلئے چار کروڑ روپے موجودہ بجٹ میں شامل ہے، اسی گراؤنڈ میں ناصر اسمٰعیل فٹبال اکیڈمی بھی بنائی جائیگی، کراچی کے الصغیر ہاکی اسٹیڈیم کیلئے رقم رکھی گئی ہے،بجٹ کے مطابق اسٹیل ٹاؤن میںنیا سینتھٹیک ٹریک، ابراہیم حیدری میں کر کٹ گراؤنڈ، لیاری فٹبال اسٹیڈیم میں پویلین کی تعمیر،گلستان جوہر میں پیڈل کورٹ کی تعمیر، جام مراد علی اسٹیڈیم ملیر میں فلڈ لائٹ کی تنصیب، جبکہ کراچی ایسٹ میں معذرو کھلاڑیوں کے لئے اسٹیڈیم بھی بنایا جائے گا۔