ایران کے اسرائیل پر جوابی حملے کے نتیجے میں ہونے والے نقصانات کی تصاویر سامنے آگئیں۔
ایران نے اسرائیلی حملوں کیخلاف جوابی حملے کیے جنہیں ’وعدہ صادق سوم‘ کا نام دیا گیا تھا۔
ایران نے ان جوابی حملوں میں اسرائیلی شہروں پر میزائلوں کی بارش کردی تھی۔
ایران کی جانب سے آپریشن وعدہ صادق سوم کے نام سے جوابی کارروائی میں ایک گھنٹے میں 3 وقفوں کے ساتھ 150 سے 200 میزائل اسرائیل پر داغے گئے۔
پہلے حملے میں 100 اور دوسرے میں 50 میزائل داغے گئے جبکہ تیسرے حملے میں بھی تقریباً 50 میزائل داغے گئے۔
ایران کی جانب سے دیے گئے جواب کے بعد اسرائیل کا دارالحکومت دھماکوں کی آوازوں سے گونج اٹھا تھا۔ اسرائیل کے میزائل دفاعی نظام نے امریکا کی مدد سے کئی ایرانی میزائل فضا میں تباہ کیے مگر کئی ایرانی میزائل تل ابیب میں مختلف اہداف پر گرے جن اہداف کو نشانہ بنایا گیا تھا۔
ایرانی میڈیا کے مطابق جن اہداف کو کامیابی سے نشانہ بنایا گیا ان میں اسرائیل کے فوجی اڈے اور قومی سلامتی کی وزارت بھی شامل ہے۔
اسرائیلی میڈیا نے تصدیق کی ہے کہ ایران کے جوابی میزائل حملوں میں اسرائیل میں 3 افراد ہلاک اور 91 زخمی ہوئے۔
دوسری جانب پاسداران انقلاب کے سینئر اہلکار نے کہا ہے کہ آپریشن وعدہ صادق سوم میں 150 اسرائیلی اہداف کو نشانہ بنایا گیا۔