چیف منسٹر سمر گیمز پنجاب 2025ء میں حصہ لینے والے کھلاڑیوں اور کوچز نے سہولتوں کے فقدان کے باعث شکایتوں کے انبار لگادیے۔
ذرائع کے مطابق بڑی تعداد میں کھلاڑی اور کوچز ایک ہی ہال میں رہنے پر مجبور ہیں، کھلاڑی اور کوچز مناسب رہائشی سہولتیں نہ ہونے کی وجہ سے بھی پریشان ہیں۔
کھلاڑیوں اور کوچز کا کہنا ہے کہ ہال یا ہاسٹل میں رہنا کوئی مسئلہ نہیں، ایک ہال میں ایک ڈویژن کے کھلاڑیوں کو رکھنا مناسب نہیں، پہلے کھلاڑیوں کی تعداد کم تھی رات گئے اسپورٹس بورڈ پنجاب نے کہا سب ایک جگہ رہیں گے۔
کوچز نے سہولتوں کے فقدان پر اپنی رائے کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ بجلی کا بھی آنا جانا لگا رہتا ہے، ایسے میں کھلاڑی کھیل پر کیا فوکس کریں گے، ہال میں کھلاڑیوں کی تعداد کو کم رکھیں، بھیڑ بکریاں تو نہ بنائیں۔
یاد رہے کہ چیف منسٹر سمر گیمز پنجاب کا افتتاح کل وزیرِ کھیل فیصل کھوکھر نے کیا تھا۔
18 جون تک جاری رہنے والی سمر گیمز میں 9 ڈویژنز کے 7 سو سے زائد مرد و خواتین کھلاڑی حصہ لے رہے ہیں۔