جیو نیوز کے مشہور پروگرام ’ہنسنا منع ہے‘ میں پاک فوج کے افسر نے ایک دلچسپ انکشاف کیا کہ مقبوضہ جموں و کشمیر سے ایک خاتون شادی کرنے کےلیے لائن آف کنٹرول (ایل او سی) کو عبور کر کے پاکستان آگئی تھیں۔
پروگرام ’ہنسنا منع ہے‘ کی عیدالاضحیٰ کے موقع پر نشر ہونے والی خصوصی اقساط میں میزبان تابش ہاشمی پاکستانی فوج کے جوانوں کے ساتھ نظر آئے۔
ایک قسط میں لیفٹیننٹ کرنل علی، میجر اسفند یار، کیپٹن شیر جنگ، کیپٹن علی اور صوبیدار نزاکت نے پروگرام میں بطور مہمان خصوصی شرکت کی۔
کیپٹن علی سے میزبان تابش ہاشمی نے شو کے دوران ایک سوال پوچھا کہ یہ کیا قصّہ ہے کہ دوران جنگ بارڈر پر گولیاں آرہی ہیں، گولے آ رہے ہیں مگر آپ کے یہاں ایک خاتون آگئیں اور آپ نے اتنے خطرناک ماحول میں بھی ان کا رشتہ کروا دیا؟
اُنہوں نے اس سوال کا جواب دیتے ہوئے بتایا کہ اصل میں پاکستانی قوم اور پاک فوج ہمیشہ سے امن کی داعی رہی ہے تو جب ایک خاتون ہمارے پاس ایل او سی کو عبور کرکے آئیں اور ان کے پاکستان میں کچھ لوگوں سے رابطے بھی تھے۔
کیپٹن علی نے بتایا کہ خاتون تھوڑا خوفزدہ تھیں کہ پاک فوج ان کے ساتھ کیا سلوک کرے گی لیکن ہم نے اُن کا بالکل اپنی بہن بیٹیوں کی طرح خیال رکھا۔
اُنہوں نے یہ بھی بتایا کہ خاتون کی خواہش اور پاکستانی قوانین کے مطابق ان کی شادی بھی کروائی اور اب الحمدللّٰہ وہ اپنے شوہر کے ساتھ بہت خوش ہیں۔