جنوبی افریقہ کے مشرقی صوبے میں سیلاب سے ہلاکتوں کی تعداد 49 ہوگئی جبکہ درجنوں لاپتہ ہوگئے۔
مشرقی اور جنوبی افریقہ میں شدید بارشوں اور برفباری کے باعث تباہ کن سیلاب نے مشرقی کیپ (Eastern Cape) صوبے کو بری طرح متاثر کیا ہے، جہاں اب تک کم از کم 49 افراد کے ہلاک ہونے کی تصدیق ہوچکی ہے۔
صوبائی وزیراعلیٰ آسکر مابویانے نے ایک پریس بریفنگ میں کہا کہ یہ تعداد مزید بڑھ سکتی ہے کیونکہ امدادی ٹیمیں اب بھی لاپتہ افراد کی تلاش میں مصروف ہیں، جیسے جیسے وقت گزر رہا ہے، لاشیں برآمد ہو رہی ہیں۔
سب سے افسوسناک واقعہ منگل کے روز پیش آیا جب اسکول کے 6 طلبہ سیلابی ریلے میں بہہ گئے تھے، طلبا کی بس ایک دریا کے قریب پانی میں پھنس گئی تھی جس کے باعث 4 طلبہ اب بھی لاپتہ ہیں۔
سیلاب سے کم از کم 58 اسکول اور 20 اسپتال متاثر ہوئے، تقریباً 500 افراد کو عارضی شیلٹرز میں منتقل کیا گیا ہے، بجلی کی فراہمی بھی سیکڑوں ہزاروں گھروں میں معطل ہے۔
جنوبی افریقی صدر سیرل رامافوسا نے ہلاک افراد کے لواحقین سے تعزیت کا اظہار کیا اور کہا کہ قومی ڈیزاسٹر مینجمنٹ سینٹر صوبائی حکومت کے ساتھ مل کر متاثرہ علاقوں میں بحالی کا کام کر رہا ہے۔
محکمہ موسمیات نے پہلے ہی خبردار کر دیا تھا کہ یہ سرد موسم کی ایک شدید لہر ہے جس کے نتیجے میں تباہ کن بارشیں اور بعض علاقوں میں برفباری متوقع ہے۔