کراچی(اسٹاف رپورٹر) افغانستان کرکٹ ٹیم اگست میں پاکستان کا دورہ نہیں کرے گی۔ پاکستان اور افغانستان کی ٹی ٹوئنٹی سیریز کے بجائے اب اگست ہی میں متحدہ عرب امارات میں تین قومی سیریز کرانے کی منصوبہ بندی کی جارہی ہے جس میں پاکستان، افغانستان اور متحدہ عرب امارات کی ٹیمیں حصہ لیں گی۔ مزید تفصیلات طے کی جارہی ہیں۔ تینوں بورڈز میں بات چیت شروع ہوچکی ہے۔ ذرائع کے مطابق فیوچر ٹورز پروگرام کے تحت افغانستان نے پاکستان کا اس سال دورہ کرنا ہے لیکن یہ سیریز نیوٹرل وینیو پر ہوگی۔ ٹی ٹوئنٹی سیریز اب 3 ملکی کپ میں بدل جائے گی۔ ستمبر میں ایشیا کپ بھارت کی میزبانی میں عرب امارات میں کھیلا جائے گا۔ دو طرفہ سیریز کو سہ ملکی سیریز میں منتقل کرنے کا فیصلہ ایشیا کپ کو مد نظر رکھتے ہوئے کیا جا رہا ہے۔