بھارتی ریاست گجرات کے شہر احمد آباد میں تباہ ہونے والے طیارے میں معجزانہ طور پر زندہ بچ جانیوالے مسافر کا بیان بھی سامنے آگیا۔
لندن جانے والی ایئر انڈیا کی پرواز AI-171 آج دوپہر احمد آباد کے سردار ولبھ بھائی پٹیل انٹرنیشنل ایئرپورٹ سے روانگی کے صرف 5 منٹ بعد ایک رہائشی علاقے میں گر کر تباہ ہو گئی۔ طیارے میں کل 242 مسافر سوار تھے، حادثے میں 241 مسافر ہلاک ہوگئے ہیں، جبکہ ایک مسافر معجزانہ طور پر بچ گیا، مسافر نے ایمرجنسی گیٹ سے باہر چھلانگ لگادی تھی۔
طیارہ حادثے میں بچنے والے مسافر رمیش وسواش کمار نے بھارتی اخبار سے گفتگو کرتے ہوئے بتایا کہ ٹیک آف کے 30 سیکنڈز بعد ایک زوردار آواز آئی اور طیارہ گرگیا، سب کچھ بہت تیزی سے ہوا، جب میں اٹھا تو ہر طرف لاشیں تھیں۔
مسافر کا کہنا تھا کہ خوفزدہ ہو کر اٹھا اور بھاگا، طیارے کے ٹکڑے میرے ارد گرد تھے، کسی نے مجھے پکڑ کر ایمبولنس میں ڈالا، اسپتال پہنچایا، میرا بھائی بھی میرے ساتھ سفر کر رہا تھا وہ مجھے نہیں ملا۔