پاکستان کی معروف میزبان اور اداکارہ نادیہ خان اور ان کے بیٹے اذان کی دل کو چھو لینے والی محبت بھری گفتگو نے دل جیت لیے۔
نادیہ خان ہمیشہ اپنے بےباک انداز، پرکشش شخصیت اور کھلے دل سے گفتگو کرنے کے انداز کی وجہ سے پہچانی جاتی ہیں، ان دنوں نجی ٹی وی کے مارننگ شو کی میزبانی کر رہی ہیں، جبکہ وہ ڈراموں پر مبنی ریویو شو کی معاون میزبان بھی ہیں۔
ایک مضبوط اور خودمختار خاتون کے طور پر نادیہ نے اپنے بچوں علیزہ اور اذان کی تنہا پرورش کی اور اب وہ سابق ایئر فورس آفیسر فیصل راؤ کے ساتھ خوشگوار ازدواجی زندگی گزار رہی ہیں۔
عید کے موقع پر نادیہ خان اپنے بیٹے اذان خان کے ہمراہ عید اسپیشل پروگرام میں جلوہ گر ہوئیں، اس موقع پر ماں بیٹے نے ایک دوسرے کے لیے اپنے جذبات اور محبت کا کھلے دل سے اظہار کیا۔
شو میں نادیہ خان اور ان کے بیٹے اذان نے سیاہ رنگ کے ہم آہنگ لباس زیب تن کیے ہوئے تھے اور دونوں ماں بیٹے کی جوڑی نہایت خوبصورت اور شاد نظر آئی۔
اذان نے پہلی بار ٹی وی پر بیٹھ کر اپنی ماں کے ساتھ زندگی کے لمحات شیئر کیے اور ان کے درمیان گہری محبت اور عزت کا جذبہ مداحوں کے دل جیت گیا۔
اذان نے شو میں کہا، ’میں گھر کا سب سے زیادہ لاڈلا ہوں اور اماں کے بہت قریب ہوں، لوگ کہتے ہیں کہ والدین سے دور ہو کر رہنا پڑتا ہے، مگر مجھے ایسا نہیں لگتا، میں تو ہمیشہ اماں کے ساتھ ہی رہنا چاہتا ہوں۔‘
اس پر نادیہ خان نے خوشی سے جواب دیا، ’اذان وہ بچہ ہے جو کبھی کسی کے ساتھ کھانا شیئر نہیں کرتا تھا، لیکن میں نے اُس کی یہ عادت بدل دی، میں نے اُس کی پلیٹ سے کھانا شروع کر دیا، اب وہ صرف میرے ساتھ کھانا بانٹتا ہے، علیزہ چونکہ بیرونِ ملک تعلیم حاصل کر رہی ہے، اس لیے اذان مجھے چھوڑ کر باہر جانے کا سوچتا ہی نہیں، وہ بہت خیال رکھتا ہے، کیان اور اذان دونوں بس پوچھتے ہیں کہاں جا رہی ہو؟ یا کب واپس آؤ گی؟ اور یہی ان کی محبت ہے، پہلے اذان دوستوں کے سامنے میرے بارے میں بات کرنے سے ہچکچاتا تھا، مگر اب وہ فخر سے کہتا ہے کہ میری ماں بہت کوول ہیں اور میں چاہتی ہوں کہ وہ ماماز بوائے ہی رہے۔‘
نادیہ خان جو کہ پاکستان میں مارننگ شوز کی بانی اور مقبول ترین میزبان رہی ہیں، آج بھی اپنی دلکش شخصیت اور صاف گوئی کے باعث ناظرین کے دلوں میں خاص مقام رکھتی ہیں، ان کی اور اذان کی یہ جذباتی گفتگو سوشل میڈیا پر بھی خوب وائرل ہو رہی ہے۔