سپر اسٹارز ماہرہ خان اور ہمایوں سعید کی نئی فلم لو گرو نے ویک اینڈ پر 28 کروڑ روپے کما لیے۔
عیدالاضحیٰ کے موقع پر ریلیز ہونے والی پاکستانی رومانوی مزاحیہ فلم لو گرو نے ریلیز کے ابتدائی ویک اینڈ پر شاندار بزنس کرتے ہوئے فلمی حلقوں میں دھوم مچا دی ہے۔
فلم کو معروف ہدایتکار ندیم بیگ نے ڈائریکٹ کیا ہے جبکہ اس کی کہانی ممتاز مصنف واسع چوہدری نے تحریر کی ہے۔ فلم میں ماہرہ خان اور ہمایوں سعید نے مرکزی کردار ادا کیے ہیں۔
لوو گرو کی کہانی ایک خود ساختہ محبت کے ماہر (Love Guru) کے گرد گھومتی ہے جو لندن میں رہنے والی آرکیٹیکٹ لڑکی صوفیہ کے عشق میں مبتلا ہو جاتا ہے۔ فلم کی شوٹنگ لندن اور کراچی میں ہوئی ہے۔
فلم نے ریلیز کے ابتدائی 3 دنوں میں زبردست کمائی کرتے ہوئے 28 کروڑ روپے کا مجموعی بزنس کیا۔
فلم کو سوشل میڈیا پر مداحوں کی جانب سے ملی جلی آراء موصول ہو رہی ہیں، بہت سے شائقین نے فلم کی تعریف کرتے ہوئے کہا کہ یہ فلم 100 کروڑ کی حقدار ہے، ماہرہ اور ہمایوں نے کمال اداکاری کی ہے۔
تاہم کچھ افراد نے فلم پر تنقید بھی کی اور کہا کہ فلم اتنی خاص نہیں تھی، صرف عید کے موقع پر پہلے سے بکی ہوئی ٹکٹس کی وجہ سے بزنس کیا ہے۔
فلمی ماہرین کے مطابق اگر فلم اسی رفتار سے کمائی کرتی رہی تو یہ ممکن ہے کہ جلد ہی پاکستانی سنیما کی سب سے زیادہ کمائی کرنے والی فلم بن جائے۔