عیدالاضحیٰ کے موقع پر جہاں مسلمان قربانی کا درس سیکھتے ہیں وہیں یہ دوستوں رشتے داروں کے ساتھ مل بیٹھنے کا بھی موقع ہوتا ہے اور جب دوست رشتے دار سب ایک جگہ جمع ہوں اور لذیذ چٹ پٹے پکوان نہ ہوں ایسا تو ہو ہی نہیں سکتا۔
عید کے موقع پر کھانے کے شوقین افراد عید پر ملنے والی چھٹیوں کے دوران سوائے پیٹ بھر کر کھانے کے کسی اور سرگرمی کے بارے میں نہیں سوچتے لیکن اب جبکہ عید کی چھٹیاں ختم ہو گئی ہیں اور زندگی کو دوبارہ معمول پر لانا ایک دشوار مرحلہ ہے۔
ایسے میں زندگی کو معمول پر لانے کے لیے ماہرینِ صحت ذرج ذیل چند تجاویز پیش کرتے ہیں، جن پر عمل کرکے آپ بھی مستفید ہوسکتے ہیں۔
1- میٹھا کھانے سے گریز کریں
تہوار پر اکثر میٹھے اور لذیذ کھانے بنائے جاتے ہیں، لیکن تہوار کے ختم ہونے کے بعد ضروری ہے کہ جلد از جلد زندگی کو دوبارہ معمول پر لایا جائے۔ چھٹیوں کے دوران بطور تحائف بہت سی میٹھی اشیاء خریدی جاتی ہیں جیسے کہ مٹھائی، چاکلیٹس، کوکیز اور براؤنیز وغیرہ، جتنا زیادہ وقت ان تمام چیزوں کو کھاتے رہیں گے، اپنی معمول کی زندگی کی طرف واپس آنا اتنا ہی مشکل ہوگا۔
اس کےلیے بہترین حل یہ ہے کہ ان تمام چیزوں کو پیک کر کے رکھ دیں اور ہفتے کے آخر میں کھول کر کھائیں۔
2- حقیقت پسندانہ اہداف طے کریں
ورزش اور غذائیت کے حوالے سے حقیقت پسندی سے کام لیں یعنی ایسے اہداف طے کریں جن پر عمل کرنا بہت مشکل بھی نہ ہو اور جلدی میں بھی نہ ہو۔
بس اس بات کو یقینی بنانا ہے کہ جتنی جلدی ہو سکے اپنے معمول کی زندگی کی طرف واپس آ جائیں، ورزش جسم میں اضافی چربی کو کم کرنے کے لیے حوصلہ افزائی کرتی ہے اور پٹھوں کو مضبوط بنانے میں مدد کرتی ہے۔
واضح رہے کہ وزن میں کمی صرف چربی کو کم کرنے سے ممکن نہیں بلکہ اگر اپنی صحت کے حساب سے مناسب ورزش کا انتخاب نہیں کیا جائے گا تو یہ فائدہ دینے کے بجائے پٹھوں کو نقصان پہنچانے کی وجہ بن سکتی ہے۔
اس بات کو بھی یقینی بنائیں کہ ورزش سے پہلے مناسب غذا لی جائے، خاص طور پر لمبی چہل قدمی کے لیے جانے سے پہلے یا دوڑ لگانے کےلیے کافی کاربوہائیڈریٹس لینے کی ضرورت ہوتی ہے۔
3- پانی وافر مقدار میں استعمال کریں
آپ کے جسم کو صحیح طریقے سے کام کرنے کے لیے ہائیڈریٹ رہنا ضروری ہے۔ وافر مقدار میں پانی پینے سے آپ کے جسم سے زہریلے مادوں کو باہر نکالنے، اپھارہ کم کرنے اور آپ کی جلد کو صحت مند رہنے میں مدد ملتی ہے۔ مناسب مقدار میں پانی کے استعمال سے ضرورت سے زیادہ کھانے کی عادت پر بھی قابو پایا جاسکتا ہے، کیونکہ اکثر پیاس کا احساس بھی بھوک جیسا ہی ہوتا ہے۔
4- متوازن غذا کھائیں
متوازن غذا کے ساتھ اپنی معمول کی زندگی کی طرف واپسی بہت زیادہ ضروری ہے، ہر کھانے کو ضروری غذائی اجزاء سے بھرپور رکھیں اور جس چیز کی ضرورت نہیں ہے اسے اپنے کھانے میں کم استعمال کریں، یہ بھی یقینی بنانا چاہیے کہ ان کھانوں کو نظر انداز کریں جو عید کی چھٹیوں کے دوران زیادہ کھائے گئے ہیں۔
5- تھوڑا اور کثرت سے کھائیں
لوگ اکثر یہ سوچتے ہیں کہ وزن کم کرنے کے لیے اچھی حکمتِ عملی کھانا چھوڑ دینا ہے لیکن ایسا نہیں ہے۔
وزن کم کرنے کےلیے سب سے بہترین حکمتِ عملی یہ ہے کہ تھوڑا اور کثرت سے کھائیں اس سے بھوک کو روکنے میں مدد ملے گی اور ایسا کرنا خون میں شکر کی سطح کو مستقل رکھے گا اور میٹھا کھانے کی طلب بھی کم ہو گی۔
6- ذہنی طور پر خود کو تیار رکھیں
اپنے ذہن کو اس بات کے لیے تیار رکھنا ضروری ہے کہ تہوار کی چھٹیاں ختم ہونے کے بعد اپنی معمول کی زندگی طرف واپس آنا ہے، کسی بھی منصوبے پر قائم رہنے کی کوشش کرتے وقت کچھ دن پہلے سے سوچنے سے اہم فوائد حاصل ہو سکتے ہیں کیونکہ اس سے اس مخصوص منصوبے پر منّظم رہنے میں مدد ملے گی۔