کینیڈا میں مقیم سکھ کمیونٹی کی متعدد تنظیمیں G7 ممالک کی کانفرنس میں بھارتی وزیرِ اعظم نریندر مودی کو دعوت دینے کے خلاف دارالحکومت اٹاوہ میں 14 جون کو پارلیمنٹ بلڈنگ کے سامنے احتجاجی مظاہرہ کریں گی۔
G7 ممالک کی کانفرنس میں بھارتی وزیرِ اعظم نریندر مودی کو دعوت دینے کے خلاف احتجاجی مظاہرہ کرنے والی تنظیموں میں سکھ فیڈریشن کینیڈا، اونٹاریو گردوارہ کمیٹی، کیوبک سکھ کونسل اور ورلڈ سکھ آرگنائزیشن آف کینیڈا شامل ہیں۔
سکھ کمیونٹی کینیڈا کے وزیرِ اعظم مارک کارنی کی جانب سے نریندر مودی کو مدعو کرنے پر سراپا احتجاج ہے۔
سکھ تنظیموں نے ارکانِ پارلیمنٹ کو بھی کھلا خط لکھا ہے کہ بھارتی حکام کی جانب سے کینیڈین شہری ہر دیپ سنگھ نِجر کے قتل میں ملوث ہونے کی تصدیق ہو چکی ہے، اس لیے مودی کو دعوت دینے کی کھلے عام مخالفت کی جائے اور دونوں ممالک کا سیکیورٹی تعاون معطل کیا جائے۔
یاد رہے کہ جسٹن ٹروڈو کی وزارتِ عظمی کے دوران کینیڈا اور بھارت کے تعلقات کشیدہ رہے ہیں اور جسٹن ٹروڈو نے ہردیپ سنگھ نِجر کے قتل کی ذمہ داری بھارت پر عائد کی تھی۔