پی ایف ایف کے نو منتخب صدر سید محسن گیلانی نے فٹبال ہاؤس کا پہلا سرکاری دورہ کیا۔
قائم مقام جنرل سیکریٹری پاکستان فٹبال فیڈریشن و رکن نارملائزیشن کمیٹی محمد شاہد نیاز کھوکھر اور رکن نارملائزیشن کمیٹی حارث عظمت نے ان کا استقبال کیا۔
اس موقع پر محسن گیلانی نے پاکستان فٹبال فیڈریشن کے عملے کو شفاف اور کامیاب انتخابات کے انعقاد پر مبارکباد پیش کی۔
انہوں نے ملک میں فٹبال کی ترقی کے لیے اپنی وژن کو دہرایا جو ذمہ داری اور بااختیار بنانے کے اصولوں پر مبنی ہے۔ ان کا مزید کہنا تھا کہ فٹبال ہاؤس کے دروازے فٹبال کے چاہنے والوں کے لیے ہمیشہ کھلے رہنے چاہئیں۔ ہمیں اپنی فٹبال کمیونٹی سے دوبارہ رابطہ قائم کرنا ہوگا۔
نارملائزیشن کمیٹی کے سربراہ سعود عظیم ہاشمی نے ان کے دورے کا خیرمقدم کرتے ہوئے کہا کہ صدر گیلانی کی فٹبال ہاؤس میں موجودگی تسلسل اور تبدیلی کا طاقتور پیغام ہے۔ ہمیں یقین ہے کہ وہ پاکستان فٹبال کو نئی بلندیوں تک لے جائیں گے۔
قائم مقام جنرل سیکریٹری پی ایف ایف و این سی رکن محمد شاہد نیاز کھوکھر نے کہا کہ صدر گیلانی کو خوش آمدید کہنا ہمارے لیے باعثِ مسرت تھا۔ ہم ان کی وژن کی مکمل حمایت کریں گے اور پورے پاکستان میں مضبوط اور جامع فٹبال نظام کی تشکیل میں کردار ادا کریں گے۔