کراچی:
شہر قائد میں سمندری ہواؤں کے باوجود آج موسم گرم اور مرطوب رہنے کا امکان ہے جس کے باعث شہریوں کو شدید گرمی کا سامنا کرنا پڑے گا۔
محکمہ موسمیات کے مطابق آئندہ 24 گھنٹوں کے دوران شہر میں سمندری ہوائیں بحال رہیں گی اور ہواؤں کی رفتار 20 سے 45 کلومیٹر فی گھنٹہ کے درمیان رہنے کی توقع ہے۔
محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ آج کراچی میں زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت 35 سے 37 ڈگری سینٹی گریڈ تک جا سکتا ہے، جبکہ کم سے کم درجہ حرارت 28.2 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا ہے۔
گزشتہ روز شہر کا زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت 35.4 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ ہوا تھا۔
موسمیاتی ماہرین کا کہنا ہے کہ ہوا میں نمی کا تناسب 50 سے 75 فیصد تک رہنے کا امکان ہے، جس کی وجہ سے گرمی کی شدت معمول سے 4 سے 6 ڈگری سینٹی گریڈ زیادہ محسوس کی جا رہی ہے۔ نمی کے باعث گرمی کی شدت مزید بڑھ جاتی ہے، جو شہریوں کے لیے غیر آرام دہ حالات پیدا کر سکتی ہے۔
موسم کی شدت کے پیش نظر شہریوں کو ہدایت کی ہے کہ وہ گرمی سے بچاؤ کے لیے احتیاطی تدابیر اختیار کریں اور غیر ضروری طور پر دھوپ میں نکلنے سے گریز کریں۔