کراچی (جنگ نیوز) سوئنگ کے سلطان لیجنڈری فاسٹ بولر وسیم اکرم کا حال ہی میں نیاز اسٹیڈیم حیدرآباد میں نصب کیا گیا مجسمہ شائقین کرکٹ کو متاثر کرنے میں ناکام رہا میمز کا عنوان بن گیا۔ تصاویر سوشل میڈیا پر وائرل ہونے کے بعد کرکٹ شائقین نے اس کی شکل و شباہت پر شدید تنقید کی ہے۔کئی صارفین نے اس مجسمے پر میمز بنائیں ۔یہ مجسمہ آئی سی سی ورلڈکپ 1999ء کی پاکستانی جرسی پہنے وسیم اکرم کے بالنگ ایکشن کو ظاہر کرتا ہے۔ تاہم مداحوں نے شکایت کی ہے کہ مجسمے کا چہرہ وسیم اکرم سے بالکل مشابہت نہیں رکھتا ۔ ایک صارف نے مجسمے پر طنز کرتے ہوئے لکھا کہ یہ سلویسٹر اسٹیلون لگ رہے ہیں۔ ایک اور صارف نے وسیم اکرم کی پاکستان سپر لیگ کے دوران کی ایک مایوس کن تصویر شیئر کرتے ہوئے لکھا کہ وسیم اکرم ابھی یہی حالت میں ہوں گے۔ واضح رہے کہ وسیم اکرم نے 1984ء سے 2003ء تک پاکستان کی نمائندگی کی، وہ ٹیسٹ کرکٹ میں 414 وکٹیں اور ون ڈے میں 502 وکٹیں حاصل کر چکے ہیں۔