پاکستان کے سفارتی مشن کے سربراہ و چیئرمین پاکستان پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری نے کہا ہے کہ پاکستان کا پانی روک دیا جائے تو ہم خاموش کیسے بیٹھیں؟ بھارت کو پاکستان کا پانی بند نہیں کرنے دیں گے، پانی کو بطور ہتھیاراستعمال کرنے نہیں دیں گے، پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے دنیا کو پاکستان کا دو ٹوک موقف بتادیا۔
نیو یارک میں پاکستان کے سفارتی مشن کے سربراہ و چیئرمین پاکستان پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری نے پریس کانفرنس کی۔
بلاول بھٹو زرداری نے کہا ہے کہ بھارت کی جانب سے سرحدی حدود کی خلاف ورزی کی گئی۔ پاکستان ہر قسم کی دہشت گردی کی مذمت کرتا ہے، بھارت نے بغیر تحقیقات اور ثبوت کے پہلگام واقعے کا الزام لگایا۔
ان کا کہنا ہے کہ پاکستان نے بھارت کے 6 طیارے مار گرائے، مذاکرات ہی امن کا واحد راستہ ہیں، ہم نے دہشت گردی کے خلاف جنگ میں بھاری قیمت ادا کی ہے۔
چیئرمین پیپلز پارٹی نے کہا کہ پاکستان دہشت گردی سے سب سے زیادہ متاثر ملک ہے، میری والدہ محترمہ بے نظیر بھٹو کو بھی دہشت گردوں نے شہید کیا۔
انہوں نے کہا کہ پہلگام واقعے پر وزیرِ اعظم شہباز شریف نے بھارت کو تحقیقات کی پیشکش کی، عالمی برادری بھارت کی جارحیت کا نوٹس لے۔
بلاول بھٹو زرداری کا کہنا ہے کہ دہشت گردی کو سیاسی ہتھیار کے طور پر استعمال نہیں ہونا چاہیے، بھارت نے جارحیت کرتے ہوئے معصوم شہریوں کو نشانہ بنایا۔
ان کا کہنا ہے کہ دو ایٹمی طاقتیں جنگ کے دہانے پر آ گئی تھیں، ہم نے دیکھا حالیہ کشیدگی کتنی تیزی سے آگے بڑھی، دنیا سے پوچھنا چاہتا ہوں کہ کسی کی لائف لائن کاٹ دی جائے تو کیا ردِعمل ہو گا؟ صورتِ حال بگڑنے سے پہلے عالمی برادری کو کردار ادا کرنا چاہیے۔
چیئرمین پیپلز پارٹی نے کہا کہ مودی کو دیکھیں تو لگتا ہے نیتن یاہو کی کاپی ہے، بھارت نے جب پاکستان پر حملہ کیا تو اس نے اسرائیلی ڈرون کا بھی استعمال کیا، خطے میں کشیدگی کی بنیادی وجہ کشمیر کے مسئلے کا حل نہ ہونا ہے، بھارتی اقدامات خطے کی سلامتی کے لیے خطرے کا باعث بنے۔
انہوں نے کہا کہ امریکی صدر اور وزیرِ خارجہ سے سیز فائر میں اہم کردار ادا کیا، بھارت نے حملے میں مساجد کو نشانہ بنایا، پانی کو بطور ہتھیار استعمال نہیں کرنے دیں گے، بھارت کے ساتھ امن چاہتے ہیں لیکن شرائط پر نہیں۔
چیئرمین پی پی پی بلاول بھٹو زرداری کا کہنا ہے کہ بھارت اب نیا اصول خطے میں نافذ کرنے کی کوشش کر رہا ہے، بھارت نے حملے میں مساجد کو نشانہ بنایا، پانی کو بطور ہتھیار استعمال نہیں کرنے دیں گے، بھارت کے ساتھ امن چاہتے ہیں لیکن شرائط پر نہیں۔
ان کا کہنا ہے کہ بھارت بلوچستان اور خیبر پختونخوا میں دہشت گردی میں ملوث ہے، تنازع کشمیر کا کوئی فوجی حل نہیں، مذاکرات ہی واحد راستہ ہیں، بھارت مسلسل پاکستان مخالف بیانات دے رہا ہے۔
بلاول بھٹو نے کہا کہ بھارت اسرائیل کی طرح عالمی قوانین کی خلاف ورزی کر رہا ہے، پاکستان امن کا خواہاں ہے، بات چیت کے لیے تیار ہے، بھارتی عوام بھی پاکستان کے ساتھ امن کے خواہاں ہیں، بھارت کی جانب سے پانی روکنا بین الاقوامی معاہدوں کی کھلی خلاف ورزی ہے۔
انہوں نے کہا کہ بھارت کے صرف 6 طیارے گرانا بھی پاکستان کی طرف سے تحمل کا مظاہرہ تھا، پاکستان نے عالمی میڈیا کے سامنے تمام حقائق رکھے، بھارت دنیا سے حقائق چھپاتا رہا۔
چیئرمین پی پی پی نے کہا کہ سیکیورٹی کونسل اور اقوامِ متحدہ نے کشمیریوں سے وعدے کیے تھے، کشیدگی کے دوران اور بعد میں بھی بھارت نے غلط معلومات اور فیک نیوز پھیلائیں، دہشت گردی کے خاتمے کے لیے مذاکرات اور تعاون ضروری ہے۔
ان کا کہنا ہے کہ بھارتی حکومت اپنے ملک میں دہشت گردی کو مسلمانوں کے تشخص کو مسخ کرنے کےلیے استعمال کرتی ہے، بھارت اور اسرائیل کے اقدامات میں مماثلت پائی جاتی ہے، پاکستان کے امریکا اور چین کے ساتھ اقتصادی تعاون کے معاہدے ہیں۔
بلاول بھٹو نے کہا کہ بھارت نے مقبوضہ کشمیر میں ڈیموگرافی تبدیل کرنے کی کوشش کی، مودی اور نیتن یاہو انتہا پسند ہیں جو نفرت کو فروغ دیتے ہیں، صدر ٹرمپ اب پاکستان کے ساتھ جامع تجارتی معاہدے چاہتے ہیں، خطے کے امن میں سب سے بڑی رکاوٹ مودی اور نیتن یاہو کی پالیسیاں ہیں۔
انہوں نے کہا کہ بھارتی فنڈنگ سے چلنے والے نیٹ ورک پاکستان میں خونریزی میں ملوث ہیں، پاکستان بھارتی ریاستی دہشت گردی کے ثبوت عالمی برادری کے سامنے پیش کر چکا ہے، مودی امن کے بجائے دوسرے راستے پر چل رہے ہیں، بھارت کے یک طرفہ اقدامات امن کے دروازے بند کرتے ہیں۔
چیئرمین پی پی پی نے کہا کہ جنگ نہیں چاہتے مگر قومی مفادات اور کشمیریوں کے حقِ خود ارادیت پر سمجھوتہ نہیں کریں گے، بھارت پاکستان میں دہشت گرد گروپوں کو مالی اور عسکری مدد فراہم کرتا ہے، بھارت کی جانب سے دہشت گردوں گروپوں کی مالی اور عسکری مدد کے ثبوت موجود ہیں۔
ان کا کہنا ہے کہ بھارتی خفیہ ایجنسی ’را‘ پاکستان میں عدم استحکام پیدا کرنے کی کوشش کرتی ہے، ہم دہشت گردی کے خلاف جنگ لڑ رہے ہیں اور بھارت دہشت گردوں کی فنڈنگ کر رہا ہے۔
چیئرمین پی پی پی بلاول بھٹو نے کہا کہ پاکستان میں دہشت گردوں کی پشت پناہی بھارت کر رہا ہے، مودی پہلے گجرات کا قصائی بنا، اب کشمیر کا قصائی بن گیا ہے، مودی اب پانی بند کر کے وادیٔ سندھ کی تہذیب کا قصاب بننا چاہتا ہے۔