قومی کرکٹرز کی مکمل جائزہ رپورٹ تیار کرنے کے بعد کھلاڑیوں کا ایک پول تیار رکھنے کا منصوبہ بنایا گیا ہے۔
ذرائع کے مطابق پول میں وائٹ اور ریڈ بال کرکٹ کے 40 کھلاڑی رکھنے کا منصوبہ بنایا گیا ہے، اس پول سے ہی وائٹ اور ریڈ بال کی قومی ٹیم کی بینچ اسٹرنتھ تیار کی جائے گی۔
پاکستان ایمرجنگ اور پاکستان شاہینز کےلیے اسی پول سے کھلاڑیوں کا انتخاب ہو گا، مکمل جائزہ رپورٹ کے بعد نیشنل کرکٹ اکیڈمی میں پول کے کھلاڑیوں پر کام کیا جائے گا۔
ذرائع نے بتایا کہ پہلے مرحلے میں جائزہ رپورٹ تیار کرنے کے لیے 22 کھلاڑیوں کو بلایا گیا ہے، ہیڈ کوچ مائیک ہیسن دیگر کوچز کے ہمراہ جائزہ رپورٹ تیار کر رہے ہیں، جائزہ رپورٹ کی روشنی میں نیشنل کرکٹ اکیڈمی میں کھلاڑیوں پر کام کیا جائے گا۔
اس کا مقصد قومی ٹیموں کے لیے بیک اپ کھلاڑیوں کو ہر وقت تیار رکھنا ہے، قومی ٹیموں میں شامل کھلاڑیوں کی جائزہ رپورٹ کی روشنی میں این سی اے میں کام ہوگا۔