کراچی (اسٹاف رپورٹر) پاکستان کے بھارت جانے سے انکار کے بعد انٹر نیشنل کرکٹ کونسل نے تصدیق کی ہے ویمنز ون ڈے ورلڈکپ میں پاکستانی کرکٹ ٹیم بھارت نہیں جائے گی۔ پاکستان کے میچ ہائبرڈ ماڈل کے تحت سری لنکا میں ہوں گے ۔ پیر کوانٹرنیشنل کرکٹ کونسل نے شیڈول کا اعلان کر دیا ہے۔ بھارت اور سری لنکا کی مشترکہ میزبانی میں ٹورنامنٹ کا آغاز 30 ستمبر سے ہو گا۔ فائنل 2 نومبر کو کھیلا جائے گا۔ میگا ایونٹ میں 8 ٹیمیں میں بھارت، آسٹریلیا، انگلینڈ، جنوبی افریقہ، نیوزی لینڈ، سری لنکا، بنگلہ دیش اور پاکستان شامل ہیں ۔ آسٹریلیا دفاعی چیمپئن ہے۔ بھارت کے چار میدان ایم چنا سوامی اسٹیڈیم (بنگلورو)، اے سی اے اسٹیڈیم (گوہاٹی) ہولکر اسٹیڈیم (اندور)، وشاکھا پٹنم اسٹیڈیم جب کہ سری لنکا میں پریما داسا اسٹیڈیم کولمبو میچز کی میزبانی کرینگے۔ پہلا سیمی فائنل 29 اکتوبر کو گوہاٹی یا کولمبو میں ہوگا جب کہ دوسرا سیمی فائنل 30 اکتوبر کو بنگلورو میں کھیلا جائے گا۔