کراچی (اسٹاف رپورٹر) پاکستان کرکٹ بورڈ نے ڈومیسٹک کرکٹ میں اصلاحات کی جانب اہم قدم اٹھاتے ہوئے فیصلہ کیا ہے کہ تمام انٹرنیشنل کرکٹرز کیلئے کم از کم ایک ڈومیسٹک ٹورنامنٹ میں شرکت لازمی ہوگی۔ لاہور میں چیئرمین محسن نقوی کی زیر صدارت اجلاس میں ڈومیسٹک اور انٹرنیشنل کرکٹ کے درمیان مضبوط ربط، نوجوان کھلاڑیوں کی گرومنگ اور مستقبل کی سیریز کی تیاریوں کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔چیئرمین محسن نقوی نے پیر کو لاہور میں پاکستانی ٹیم انتظامیہ اور پی سی بی تھنک ٹینک کے اجلاس میں مستقبل کی حکمت عملی پر بات کی گئی۔ اس موقع پر ٹی ٹوئنٹی کپتان سلمان علی آغا اور وائٹ بال کوچ مائیک ہیسن نے خاص طور پر شرکت کی۔کوچ نے بنگلہ دیش کیخلاف کارکردگی پر خوشی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ میرے لیے اس سے بہتر پہلی سیریز نہیں ہوسکی تھی۔ پی سی بی کے مطابق اجلاس میں مستقبل کی کرکٹ سیریز کے حوالے سے تیاریوں کا جائزہ لیا گیا۔ پاکستان شاہینز ٹیم کی کرکٹ سیریز کی تیاریوں کا جائزہ اور سنٹرل کنٹریکٹ پر کام شروع کرنے کی ہدایت کی گئی۔ پاکستانی ٹیم کی جنوبی افریقا اور سری لنکا کے خلاف ہوم سیریز اور دورہ ویسٹ انڈیز اور بنگلہ دیش کی تیاریوں پر بریفنگ دی گئی۔ اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ پاکستان کے تمام انٹرنیشنل کرکٹرز ایک ڈومیسٹک ٹورنامنٹ لازمی کھیلیں گے۔ اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ انٹرنیشنل کرکٹرز کے ساتھ کھیلنے سے ڈومیسٹک پلئیرز کی گرومنگ کی جائے گی۔ محسن نقوی نے کہا کہ ڈومیسٹک کرکٹ کا مضبوط ڈھانچہ ہی بہترین کرکٹرز کو آگے لا سکتا ہے۔ ڈومیسٹک کرکٹرز سے ہی انٹرنیشنل کرکٹرز کا اچھا بیک اپ ملے گا۔ ڈائریکٹر انٹرنیشنل کرکٹ عثمان واہلہ نے آئندہ کرکٹ سیریز کے بارے بریفنگ دی۔ اجلاس میں چیف آپریٹنگ آفیسر سمیر احمد ، پاکستان ٹیم کے منیجر نوید اکرم چیمہ، ڈائریکٹر انٹرنیشنل کرکٹ عثمان واہلہ، ڈائریکٹر ہائی پرفارمنس سنٹرز عاقب جاوید نے بھی شرکت کی۔