چیئرمین پاکستان کرکٹ بورڈ محسن نقوی کی زیرِ صدارت ہونے والے اہم اجلاس میں فیصلہ کیا گیا ہے کہ پاکستان کے تمام انٹرنیشنل کرکٹرز ایک ڈومیسٹک ٹورنامنٹ لازمی کھیلیں گے۔
ہیڈ کوچ مائیک ہیسن، چیف آپریٹنگ افسر سمیر احمد، مینجر نوید اکرم چیمہ، ڈائریکٹر انٹرنیشنل کرکٹ عثمان واہلہ، ڈائریکٹر ہائی پرفارمنس سینٹرز عاقب جاوید اور کپتان سلمان آغا نے اجلاس میں شرکت کی۔
اجلاس کے دوران گفتگو کرتے ہوئے محسن نقوی نے کہا کہ انٹرنیشنل کرکٹرز کے ساتھ کھیلنے سے ڈومیسٹک پلیئرز کی گرومنگ ہوگی۔
انہوں نے کہا کہ ڈومیسٹک کرکٹ کا مضبوط ڈھانچہ ہی بہترین کرکٹرز کو آگے لا سکتا ہے، ڈومیسٹک کرکٹرز سے ہی انٹرنیشنل کرکٹرز کا اچھا بیک اپ ملے گا۔
اجلاس میں سینٹرل کنٹریکٹ پر کام شروع کرنے، پاکستانی ٹیم کی جنوبی افریقہ، سری لنکا کے خلاف ہوم سیریز اور دورۂ ویسٹ انڈیز اور بنگلادیش کی تیاریوں پر بریفنگ دی گئی۔
ڈائریکٹر انٹرنیشنل کرکٹ عثمان واہلہ نے آئندہ کرکٹ سیریز کے بارے بریفنگ دی۔