وفاقی وزیر ریلوے محمد حنیف عباسی نے عیدالاضحیٰ پر خصوصی ٹرینیں چلانے کا اعلان کیا ہے۔
اسلام آباد میں میڈیا سے گفتگو میں وفاقی وزیر نے کہا کہ عیدالاضحیٰ پر 5 خصوصی ٹرینیں چلائی جائیں گی۔
انہوں نے کہا کہ ریلوے کی آمدن 83 ارب روپےتک پہنچ گئی ہے، رواں مالی سال 42 ارب روپے پسنجر سروسز سے، 29 ارب روپے فریٹ سروس سے اور 13 ارب دیگر ذرائع سے کمائے۔
اُن کا کہنا تھا کہ ریلوے ملازمین کو پاکستان محکمہ ریلوے کی تنخواہیں خود دے رہا ہے، ریلوے میں 1413 نئی ویگنز تیار کی جا رہی ہیں۔
وفاقی وزیر ریلوے نے یہ بھی کہا کہ 15 جون کو لاہور سے نارووال کے لیے نئی ریل سروس کا آغاز ہو گا، 15 جون کو لاہور سے ملتان، سندھ اور بارڈر تک روس کے لیے فریٹ ٹرین روانہ ہوگی، ریکوڈک اور تھر کول کی ترسیل کےلیے ریلوے کو اپ لفٹ کرنا ہو گا۔
انہوں نے کہا کہ دنیا فریٹ ٹرینز سے آمدن حاصل کرتی ہے، ہم بھی آؤٹ سورس کریں گے، وزیر اعظم شہباز شریف کی سوچ کے مطابق رائل پام آؤٹ سورس کیا جا رہا ہے۔
حنیف عباسی کا کہنا تھا کہ ریلوے اسپتالوں کو بھی آؤٹ سورس کرنے کی تیاری کی جا رہی ہے جبکہ 14 ریلوے اسکول آؤٹ سورس کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔