نامور اداکار شہزاد شیخ نے بیٹی سے بے پناہ محبت کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ بیٹی کی موجودگی نے میری زندگی میں نرمی، پیار اور جذبات کو ایک نئی جہت دی ہے۔
شہزاد شیخ پاکستانی ڈرامہ انڈسٹری میں کئی کامیاب ڈراموں کا حصہ رہ چکے ہیں، حال ہی میں ایک پروگرام میں مہمان بنے، انہوں نے پروگرام میں اپنے خاندان اور بطور والد اپنی زندگی کے خوبصورت پہلوؤں پر گفتگو کی۔
شہزاد شیخ نے اپنی گفتگو کے دوران بیٹی کے لیے اپنی محبت کا خاص طور پر ذکر کیا، انہوں نے کہا کہ جب بیٹے کی پیدائش ہوئی تو میں بہت خوش تھا کیونکہ میں چاہتا تھا کہ پہلا بچہ بیٹا ہو لیکن جب بیٹی پیدا ہوئی تو احساس ہوا کہ بیٹی کے ساتھ ایک بالکل مختلف اور گہرا رشتہ قائم ہوتا ہے۔
اداکار نے کہا بیٹی کا باپ بننے کے بعد میرے اندر ایک عجیب سی محبت اور حفاظت کا جذبہ پیدا ہوا، ایسا محسوس ہوتا ہے جیسے اگر کسی نے میری بیٹی کو تکلیف دی تو میں پوری دنیا جلا سکتا ہوں۔
اپنی ازدواجی زندگی کے بارے میں بات کرتے ہوئے شہزاد شیخ نے انکشاف کیا کہ میری اہلیہ حنا میر نے ابتدائی طور پر میری محبت کی پیشکش کو مسترد کر دیا تھا۔
حنا کا کہنا تھا کہ وہ ایک کارپوریٹ پس منظر سے تعلق رکھتی ہیں جبکہ شہزاد کا پورا خاندان شوبز سے وابستہ ہے، اس لیے یہ رشتہ ممکن نہیں لگتا تھا تاہم شہزاد نے حوصلہ نہیں ہارا اور آج وہ ایک خوشگوار ازدواجی زندگی گزار رہے ہیں۔
شہزاد شیخ کی گفتگو نے شائقین کو جذباتی کر دیا اور ان کے خاندانی رویے کو خوب سراہا جا رہا ہے۔