راولپنڈی:
اے این ایف کے مختلف آپریشنز میں قطر اور برطانیہ بھیجے جانے والے پارسلز سے منشیات برآمد کرلی گئی۔
ترجمان کے مطابق اینٹی نارکوٹکس فورس نے ملک کے مختلف شہروں میں منشیات اسمگلنگ کے خلاف مؤثر کریک ڈاؤن کرتے ہوئے 8 کامیاب کارروائیوں میں مجموعی طور پر 7 ملزمان کو گرفتار کر لیا۔ ان کارروائیوں کے دوران مجموعی طور پر 198.711 کلوگرام منشیات برآمد کی گئیں جن کی مالیت ایک کروڑ 63 لاکھ روپے سے زائد بتائی جا رہی ہے۔
اسلام آباد کے علاقے آبپارہ میں ایک کوریئر آفس پر کارروائی کے دوران قطر بھیجے جانے والے ایک پارسل کی تلاشی لی گئی جس میں کتابوں کے اندر جذب کی گئی 2.670 کلوگرام وزنی منشیات برآمد کی گئی۔ راولپنڈی کے چکلالہ گیریژن میں واقع میل آفس سے برطانیہ بھیجے جانے والے ایک اور پارسل سے 34 گرام ویڈ برآمد ہوئی۔
پشاور میں رنگ روڈ پر ایک شاپنگ مال کے قریب کھڑی گاڑی سے 6 کلوگرام چرس برآمد کی گئی، جبکہ اس کارروائی میں 3 ملزمان کو گرفتار کیا گیا۔
دوسری جانب کراچی کے علاقے سُرجانی ٹاؤن میں اے این ایف نے ایک رکشے کی تلاشی کے دوران 132 کلوگرام چرس برآمد کی، جہاں سے 2 افراد کو گرفتار کیا گیا۔
فیصل آباد میں بھی 2 مختلف کارروائیاں کی گئیں۔ ایک کارروائی کے دوران ایک موٹرسائیکل سوار سے 6 کلو چرس، 2.4 کلو افیون، 2.546 کلو آئس اور 231 گرام ہیروئن برآمد کی گئی جب کہ کمال پور انٹرچینج کے قریب ایک گاڑی سے 24 کلوگرام چرس برآمد ہوئی۔ دونوں مواقع پر ایک ایک ملزم کو حراست میں لیا گیا۔
مزید برآں قبائلی علاقے طورخم میں زیرو لائن بارڈر کے قریب ایک ہوٹل کے پاس سے 1.5 کلوگرام آئس برآمد کی گئی۔ بلوچستان کے ضلع پنجگور کے علاقے بونستان میں اسمگلنگ کی غرض سے چھپائی گئی 24 کلوگرام چرس برآمد کی گئی۔
اے این ایف ترجمان کا کہنا ہے کہ گرفتار ملزمان کے خلاف انسدادِ منشیات ایکٹ کے تحت مقدمات درج کر کے تفتیش کا آغاز کر دیا گیا ہے۔ منشیات نیٹ ورکس کو بے نقاب کرنے کے لیے مزید تحقیقات جاری ہیں۔