ٹیکنالوجی کمپنی گوگل نے انکشاف کیا ہے کہ دنیا بھر میں دو ارب افراد کے زیر استعمال ایک مشہور ایپلی کیشن کچھ اسمارٹ فونز میں بیٹری کے ضائع ہونے کا سبب بن رہی ہے۔
کمپنی کے مطابق فوٹو اور ویڈیو شیئرنگ ایپ انسٹاگرام کے سبب گوگل پکسل اسمارٹ فونز کو خاص طور پر بیٹری مسائل کا سامنا ہے۔ البتہ، یہ بات واضح نہیں ہے کہ آیا دیگر اینڈرائیڈ فونز کو بھی اس ہی مسئلے کا سامنا ہے یا نہیں۔
اینڈرائیڈ سپورٹ فورم پر گوگل کے ایک نمائندے نے بتایا کہ انسٹاگرام نے اس حوالے سے اپ ڈیٹ جاری کر دی ہے اور اس مسئلے کو اب حل ہو جانا چاہیئے۔
کمیونیٹی منیجر عادل شیخ کا کہنا تھا کہ انسٹاگرام ایک اپ ڈیٹڈ ایپ جاری کر رہا ہے جس سے اینڈرائیڈ ڈیوائسز میں بیٹری خرچ ہونے کا مسئلہ حل ہوجانا چاہیئے۔
انہوں نے کہا کہ صارفین اس بات کو یقینی بنائیں کہ ان کے پاس انسٹاگرام کا تازہ ترین ورژن (382.0.0.49.84) انسٹال ہو تاکہ یہ مسئلہ حل ہو سکے۔