ایشین ایتھلیٹکس چیمپئن شپ میں گولڈ میڈل جیتنے کے بعد وطن روانگی سے قبل ارشد ندیم کا ایک پیغام میں کہنا ہے کہ سب کی دعاؤں سے اللّٰہ تعالیٰ نے فائنل میں کامیابی دی اور پورے پاکستان کو عزت دی۔
ارشد ندیم نے کہا کہ آج رات وطن پہنچ رہا ہوں بڑی خوشی ہو رہی ہے کہ پیرس اولمپکس کے بعد اللّٰہ تعالیٰ نے پاکستان کو ایک اور فتح سے نوازا۔
انہوں نے کہا کہ ایشین ایتھلیٹکس چیمپین شپ میں گولڈ میڈل میری اور کوچ کی محنت کا نتیجہ ہے، آج رات ان شاء اللّٰہ لاہور ایئر پورٹ پہنچ رہا ہوں۔
گولڈ میڈلسٹ ارشد ندیم نے یہ بھی کہا کہ بڑی خوشی ہو رہی ہے، پیرس اولمپکس کے بعد یہ میرا پہلا ایونٹ تھا، اللّٰہ تعالیٰ نے اس ایونٹ میں بھی پاکستان کو فتح دی۔
خیال رہے کہ جنوبی کوریا میں منعقد ہونے والی ایتھلٹکس چیمپئن شپ میں ارشد ندیم نے تاریخ رقم کرتے ہوئے 50 سال بعد پاکستان کے لیے سونے کا تمغہ جیت لیا۔
ایشین ایتھلیٹکس کی تاریخ میں پاکستان نے آخری مرتبہ اس ایونٹ میں 1973ء میں گولڈ میڈل جیتے تھے۔
فلپائن میں ہونے والے مقابلوں میں پاکستان نے جیولین تھرو اور 800 میٹر کے گولڈ جیتے تھے۔
800 میٹر کا گولڈ میڈل محمد یونس اور جیولین تھرو کا گولڈ میڈل اللّٰہ داد نے جیتا تھا۔