وزیراعظم شہباز شریف نے بلوچستان کےلیے 250 ارب روپے کا ترقیاتی فنڈ مختص کرنے کا اعلان کردیا، یہ رقم ملک کے مجموعی 1 ہزار ارب روپے کے ترقیاتی فنڈ کا ایک چوتھائی ہوگی۔
وزیراعظم شہباز شریف کا کوئٹہ میں گرینڈ جرگے سے خطاب میں کہنا تھا کہ کوشش ہونی چاہیے ترقیاتی پروگرام کے یہ فنڈز شفافیت کے ساتھ خرچ ہو۔
انہوں نے کہا کہ بلوچستان کے عمائدین بتائیں کون سی خرابیاں ہیں جنہیں دور کرنے کی ضرورت ہے، بلوچستان کے جو لوگ بھٹک کر پٹری سے اتر گئے ہیں انہیں واپس لانے کی کوشش کرنی چاہیے۔
شہباز شریف نے کہا کہ دہشت گرد خون کے پیاسے ہیں وہ پاکستان کی ترقی اور خوشحالی نہیں چاہتے، دہشت گرد دشمنوں کے ایجنٹ ہیں۔
انہوں نے کہا کہ بھارت کے 5 دھماکوں کے مقابلے میں 6 دھماکے کیے، بھارت سے 1971 کا بدلہ لیا ہے، پوری قوم چٹان کی طرح افواج پاکستان کے ساتھ کھڑی ہوگئی، بھارت کو شکست دی جو وہ عمر بھر یاد رکھے گا۔
اس موقع پر وزیراعلیٰ بلوچستان سرفراز بگٹی نے کہا مٹھی بھر عناصر دہشت گردی کے ذریعے ترقی کے عمل کو روکنا چاہتے ہیں، دہشت گرد ٹولہ بھارت کے کہنے پر معصوم لوگوں کا خون بہا رہا ہے، دہشت گردی سے بلوچستان متاثر ہو رہا ہے۔
سرفراز بگٹی نے کہا کہ یہ عناصر اپنے بیرونی آقاؤں کی ایما پر کارروائیاں کرتے ہیں۔
وزیراعلیٰ بلوچستان نے کہا کہ گرین بلوچستان انیشیٹو سے بلوچستان کے لوگوں کو روزگار کے مواقع ملیں گے۔