دوحہ میں ہونے والی ایشین ماسٹرز ویٹ لفٹنگ چیمپئن شپ کے آخری روز پاکستان نے مزید دو طلائی تمغے جیت لیے، ایونٹ میں پاکستان کے مجموعی گولڈ میڈلز کی تعداد آٹھ رہی، قومی ویٹ لفٹرز نے ایک سلور اور دو برانز میڈلز بھی اپنے نام کیے۔
قطر میں ایشین ماسٹرز ویٹ لفٹنگ چیمپئن شپ کے آخری روز ایج گروپ 30، ویٹ کیٹیگری 89 کے جی میں فرقان انور نے پاکستان کیلئے گولڈ میڈل جیت لیا۔
فرقان انور نے مجموعی طور پر 315 کلوگرام وزن اٹھاکر گولڈ میڈل اپنے نام کیا۔ انہوں نے اسنیچ می 143 اور کلین اینڈ جرک میں 172 کلوگرام وزن اٹھایا تھا۔
اس سے قبل پاکستان کے عمر رسول لون نے ایج گروپ 35، ویٹ کیٹیگری 89 میں گولڈ میڈل جیتا۔ عمر رسول لون نے مجموعی طور پر 276 کلوگرام وزن اٹھایا۔ اسنیچ میں عمر نے 121 اور کلین اینڈ جرک میں 155 کلوگرام وزن اٹھایا۔
دوسری جانب مردوں کے ایج گروپ 35 کی ویٹ کیٹیگری 109 میں پاکستان کے عثمان راٹھور نے برانز میڈل جیتا۔ عثمان امجد راٹھور نے مجموعی طور پر 282 کلو وزن اٹھاکر برانز میڈل اپنے نام کیا۔
ایونٹ کے پہلے روز عثمان کے والد مقصود امجد راٹھور نے پاکستان کیلئے گولڈ میڈل جیتا تھا۔
ایونٹ میں پاکستان نے مجموعی طور پر آٹھ گولڈ، ایک سلور اور دو برانز میڈلز جیتے۔ فرقان انور، عمر رسول لون، رشید خان، کاشف ریحان، محمد اقبال، نادیہ مقصود، سیبل سہیل اور مقصود امجد راٹھور نے گولڈ میڈل حاصل کیے جبکہ نیلم ریاض نے سلور، عثمان امجد راٹھور اور عبد المالک نے برانز میڈل جیتے۔