سابق بھارتی کرکٹر، ٹیلی ویژن پرسنالٹی اور سیاستداں نوجوت سنگھ سدھو نے کہا کہ انھوں نے ایک بار اداکار شاہ رخ خان کو خبردار کیا تھا کہ بالی ووڈ تمہیں کسی سوسیج کی طرح کھا جائے گا۔
کپل شرما کے شو میں پرمزح انداز میں شامل ہونے والے 61 سالہ نوجوت سدھو نے یوٹیوب چینل کے میجک مومینٹس میں ایک گفتگو کے دوران کہا کہ شاہ رخ اس وقت اتنے مشہور نہیں ہوئے تھے۔ جب انھوں نے مجھے بتایا کہ وہ بالی ووڈ جارہے ہیں تو میں نے انہیں خبر دار کیا تھا، جس پر شاہ رخ خان نے جارحانہ انداز میں جواب دیا تھا۔
نوجوت سدھو نے کہا کہ لکھنؤ میں ایک میچ کے بعد ہماری مذکورہ بالا ملاقات ہوئی تھی۔ انکا کہنا تھا کہ اس وقت شاہ رخ میرے بڑے پرستار تھے۔ جس پر میں نے انہیں بتایا کہ میں ان کے ٹیلی ویژن پر شوز دیکھتا ہوں۔
اور جب میں نے ان سے پوچھا انکے مستقبل میں کیا منصوبے ہیں تو انھوں نے بالی ووڈ جانے کے بارے میں بتایا جس پر میں نے انھیں بالی ووڈ کے حوالے سے خبر دار کرتے ہوئے کہا، تیری مت ماری گئی ہے، تمہیں وہاں والدین اور کسی سپورٹ کرنے والی کی ضرورت ہے، تمہارے والدین وہاں نہیں ہیں۔ نوجوت سدھو نے کہا وہ بڑے نرم لہجے میں گفتگو کرنے والے اور اچھے انسان ہیں۔
جس پر شاہ رخ نے کہا کہ سدھو صاحب میں مینیج کرلوں گا۔ میں نے جواب دیتے ہوئے کہا کہ بالی ووڈ میں گردن کاٹنے والا مقابلہ ہے، وہ تمہیں بریک فاسٹ میں سوسیج کی طرح کھا جائیں گے۔ شاہ رخ کا کہنا تھا کہ میں کسی سے مقابلہ نہیں کروں گا، میرا اپنے آپ سے مقابلہ ہوگا۔