وزیراعظم شہبازشریف کی سفارتی کمیٹی کی رکن اور پیپلز پارٹی کی سینیٹر شیری رحمان نے کہا ہے کہ دہشت گردی کے معاملے پر ہم بھارت کو ٹکا کر جواب دیں گے۔
جیو نیوز کے پروگرام آج شاہزیب خانزادہ کے ساتھ میں گفتگو کے دوران شیری رحمان نے کہا کہ بھارتی سفارتی وفود کی پاکستان کے خلاف چارج شیٹ ناکام رہی ہے۔
انہوں نے کہا کہ بھارت نے بہتان کو خارجہ پالیسی بنا لیا ہے، اقوام متحدہ کی ٹیموں نے دیکھ لیا پاکستان میں دہشت گردی کا کوئی ٹھکانہ نہیں ہے۔
سینیٹر شیری رحمان نے مزید کہا کہ بھارت اب خطے اور دنیا کےلیے خطرہ ہے، دنیا میں کسی بھی جنگ میں پانی کو ہتھیار کے طور پر استعمال نہیں کیا گیا۔
اُن کا کہنا تھا کہ بھارت سفارتی وفود کی پاکستان کے خلاف چارج شیٹ ناکام رہی، بھارت جو کر رہا ہے دنیا اس پر چوکنا ہوگئی ہے۔
سفارتی کمیٹی کی رکن نے یہ بھی کہا کہ بھارت انتہا پسند ہندوتوا ریاست بن چکی ہے، جسے دنیا دیکھ رہی ہے، اگر ثبوت کی بات کرتے ہیں تو وہ ہمارے پاس ہیں۔
انہوں نے کہا کہ آپ صاف و شفاف تحقیقات سے کیوں بھاگ رہے ہیں، 2 جوہری ممالک غلطیوں کے متحمل نہیں ہوسکتے۔