اقوام متحدہ کے امن مشن کے 57 اہلکاروں کو خراجِ عقیدت پیش کیا گیا جن میں دو پاکستانی بھی شامل ہیں۔
اس سلسلے میں اقوام متحدہ نے ایک پُروقار تقریب میں 32 ممالک سے تعلق رکھنے والے 57 فوجی، پولیس اور سول امن اہلکاروں کو بعد از وفات خراجِ عقیدت پیش کیا۔جنہوں نے گزشتہ سال دنیا بھر کے امن مشنز میں خدمات انجام دیتے ہوئے جان کا نذرانہ دیا۔
یہ تقریب اقوام متحدہ کے امن اہلکاروں کے بین الاقوامی دن کے موقع پر نیویارک میں اقوام متحدہ کے ہیڈکوارٹر میں واقع ٹرسٹی شپ کونسل چیمبر میں منعقد ہوئی۔
اس تقریب کی صدارت اقوام متحدہ کے سیکریٹری جنرل انتونیو گوتریس نے کی اور شہید ہونے والے اہلکاروں کو خراجِ عقیدت پیش کیا۔
تقریب میں بعد از وفات دیا جانے والا ’ڈاگ ہیمرشولد میڈل‘ دو پاکستانیوں سپاہی محمد طارق اور حوالدار احسن اللّٰہ خان کو دیا گیا جنہوں نے یو این انٹرِم سیکیورٹی فورس برائے ابیی (UNISFA) کے ساتھ خدمات انجام دیں۔
پاکستان کے اقوام متحدہ میں مستقل مندوب سفیر عاصم افتخار احمد اور مشن کے ملٹری ایڈوائزر کرنل عمر شفیق نے تقریب میں شرکت کی اور دیگر ممالک کے سفیروں اور فوجی نمائندوں کے ہمراہ ایوارڈز وصول کیے۔