پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) کے چیئرمین محسن نقوی سے پاکستان کی ٹاپ اسپنر سعدیہ اقبال نے ملاقات کی ہے۔
چیئرمین پی سی بی نے سعدیہ اقبال کو آئی سی سی بولنگ رینکنگ میں پہلی پوزیشن حاصل کرنے پر مبارکباد دی اور ان کے لیے نیک خواہشات کا اظہار کیا۔
محسن نقوی نے ٹی ٹوئنٹی ورلڈ نمبر ون بولر کی شرٹ سعدیہ اقبال کو بطور تحفہ پیش کرتے ہوئے کہا کہ آپ پاکستان ویمنز کرکٹ کی اسٹار ہیں اور آپ نے پاکستان کا نام روشن کیا۔
انہوں نے کہا کہ یہ اعزاز آپ کی محنت اور پروفیشنل اپروچ کا نتیجہ ہے، اُمید ہے کہ ورلڈ کپ میں بھی آپ اچھی کارکردگی کا تسلسل برقرار رکھیں گی، مستقبل میں سعدیہ اقبال اپنی صلاحیتوں اور محنت سے مزید کامیابیاں سمیٹیں گی۔
سعدیہ اقبال نے حوصلہ افزائی پر چیئرمین پی سی بی محسن نقوی کا شکریہ ادا کیا۔
ان کا کہنا تھا کہ انشاء اللّٰہ ورلڈکپ میں بھی اسی کارکردگی کا تسلسل برقرار رکھوں گی۔