32 C
Lahore
Thursday, May 29, 2025
ہومکھیلوں کی خبریںکراچی، سابق کرکٹر اور کوچ کے پاؤں میں زخم، دونوں ٹانگیں کاٹ...

کراچی، سابق کرکٹر اور کوچ کے پاؤں میں زخم، دونوں ٹانگیں کاٹ دی گئی


کراچی سے تعلق رکھنے والے پاکستان کے مشہور کرکٹر اور کوچ مہندر کمار کے پاؤں میں زخم ہونے کی وجہ سے دونوں ٹانگیں کاٹ دی گئی۔

مہندر کمار ملک کے سب سے بڑے شہر میں کسمپرسی کی زندگی گزار رہے ہیں، وہ حکومت پاکستان اور کرکٹ حکام کی جانب سے ملازمت اور مالی مدد کے منتظر ہیں۔

ملک میں ان کے شاگردوں نے بین الاقومی سطحی پر پاکستان کا نام روشن کیا۔

کرکٹ کے میدان میں اپنی بولنگ اور کوچنگ سے کارنامے انجام دینے والے مہندر کمار آج دونوں ٹانگوں سے محروم ہوچکے ہیں، پہلے ان کی ایک ٹانگ کاٹی گئی اور پھر ڈاکٹروں نے کہا کہ جسم میں زہر پھیل سکتا ہے اس لئے دوسری ٹانگ بھی کاٹ دی جائے گی جس کے بعد اپنے دور کے ممتاز فاسٹ بولر اور کرکٹ کوچ کی دوسری ٹانگ بھی کاٹ دی گئی۔

ہندو فیملی سے تعلق ہونے کے باوجود انہوں نے پاکستان ہمیشہ زندہ باد کا نعرہ لگایا اور سچے اور محب وطن پاکستانی ہیں۔

وہ فاسٹ بولر جو دن بھر بولنگ لمبے بولنگ اسپیل کراتے تھے اور پھر اپنی کوچنگ اکیڈمی چلاتے تھے اب بستر پر لیٹے ہوئے کسی امداد کے منتظر ہیں۔

مہندر کمار کراچی میں گارڈن کے علاقے میں اپنے اہل خانہ کے ساتھ رہائش پذیر ہیں، ہاؤس بلڈنگ فنانس اور کراچی کی جانب سے 65 فرسٹ کلاس میچوں میں187 اور 53 لسٹ اے میچوں میں 64 وکٹیں حاصل کرنے والے مہندر کمار کی پاؤں کی ایڑھی میں زخم ہوا۔

وہ شوگر کے مریض بھی تھے، زہر پورے جسم میں پھیلنے کے خدشے سے ڈاکٹر نے ان کی دوسری ٹانگ بھی کاٹ دی۔

65 سالہ مہندر کمار کراچی میں کے پی آئی گراؤنڈ میں کوچنگ اکیڈمی چلاتے تھے، ان کی کوچنگ سے سہیل خان، محمد سمیع، دانش کنیریا، تنویر احمد، نعمان اللّٰہ نے انٹر نیشنل کرکٹ میں پاکستان کی نمائندگی کی۔

مہندر کمار نے 1976میں پاک پی ڈبلیو ڈی سے فرسٹ کلاس شروع کی پھر 1977میں یو بی ایل جوائن کی جہاں تین سال مدثر نذر، ہارون رشید، سکندر بخت، صاوق محمد وغیرہ کے ساتھ کرکٹ کھیلی۔

اس کے بعد اے ڈی بی پی میں جلال الدین، سلیم یوسف اور شاہد محبوب کے ساتھ کرکٹ کھیلتے رہے، وہ کراچی کے کپتان بھی رہے اور 1980میں ہاؤس بلڈنگ سے کرکٹ کھیلی اور  1992 تک فرسٹ کلاس کرکٹ کھیلی۔

مہندر کمار کراچی کے سلیکٹر رہے، انہوں نے شاہد آفریدی، حسن رضا، دانش کنیریا اور فیصل اقبال کو پہلی بار منتخب کیا۔

وہ کراچی کے سلیکٹر اور منیجر رہے ان کی کوچنگ میں کراچی نے تین سال قومی انڈر 19 کرکٹ ٹورنامنٹ جیتا۔

مہندر کمار کا کہنا ہے کہ جب میں بیمار ہوا تو پاکستان کرکٹ بورڈ نے اپنے فنڈ سے میری مدد کی، ملتان سلطانز کے مالک علی ترین نے بھی میری مدد کی، جبکہ گزشتہ دنوں سابق کپتان معین خان نے بھی گھر آکر میری مدد کی لیکن بیماری کی وجہ سے میں لاکھوں روپے کا مقروض ہوں اور بیماری پر تقریباً تیس لاکھ روپے خرچ ہوچکے ہیں۔

انہوں نے بتایا کہ میں کراچی میں اکیڈمی سے گھر کا گزر بسر کرتا تھا لیکن ٹانگوں سے محروم ہونے کی وجہ سے میری آمدنی کا ذریعہ ختم ہوچکا ہے، بیٹا کورنگی میں چھوٹی ملازمت کرتا ہے جبکہ میرے گھر کے اخراجات زیادہ ہیں۔

مہندر کمار پاکستان کرکٹ ٹیم کے دو کیمپ میں بھی شرکت کرچکے ہیں، ان کا کہنا ہے کہ وزیر اعظم شہباز شریف، آرمی چیف فیلڈ مارشل عاصم منیر، وزیر اعلیٰ سندھ مراد علی شاہ اور پاکستان کرکٹ بورڈ کے چیئرمین محسن نقوی میری مشکلات میں کمی لانے کے لئے قدم اٹھائیں۔

انہوں نے کہا کہ میرا تعلق ہندو برادری سے ہے لیکن میرا دل پاکستان کے لئے دھڑکتا ہے اور مجھے یقین ہے کہ میرے ملک کے حکمران، میرے ساتھی کرکٹرز اور مخیر حضرات آگے آکر میرے گھر کا چولہا جلائیں گے۔

سابق کرکٹر کا کہنا تھا کہ کرکٹ میرا اوڑنا بچھونا ہے لیکن ٹانگوں سے محروم ہونے کے بعد میں بستر پر ہوں، میں مصنوعی ٹانگوں سے اپنی اکیڈمی دوبارہ شروع کرنا چاہتا ہوں مجھے سرپرستی درکار ہے۔



مقالات ذات صلة

جواب چھوڑ دیں

براہ مہربانی اپنی رائے درج کریں!
اپنا نام یہاں درج کریں

الأكثر شهرة

احدث التعليقات