وزیراعظم شہباز شریف کا کہنا ہے کہ پاکستان کو دنیا کی ساتویں ایٹمی قوت بنے 27 سال مکمل ہوگئے، پاکستان اس مرتبہ یوم تکبیر ایک اہم اور تاریخی موقع پر منارہا ہے۔
یوم تکبیر کے موقع پر پیغام میں وزیراعظم شہباز شریف نے کہا کہ پاکستان اللّٰہ کے فضل و کرم سے 6 تا10 مئی کے معرکہ حق میں فتح یاب ہوا، بھارت کی مسلط کردہ جنگ میں سرخرو ہو کر نکلے ہیں۔
شہباز شریف نے کہا کہ فتح مبین سے سرشار قوم کیلئے یوم تکبیر کی مسرتوں میں مزیداضافہ ہوگیا، رب کے حضور سجدہ شکر، جس نے ہمیں اپنے خصوصی کرم سے ہمیشہ سربلند رکھا۔
وزیراعظم کا کہنا تھا کہ مئی 1998 میں بھارت نے 5 ایٹمی دھماکے کرکے ہماری سلامتی، دفاع اور خودمختاری کو چیلنج کیا تھا، نواز شریف نے6 دھماکے کرکے پاکستان کو ایٹمی طاقت بنایا۔
اس وقت نواز شریف نے قوم کی امنگوں، مفادات کی ترجمانی کی، وزیراعظم اقتصادی پابندیوں، دباؤ ،دھمکیوں اور لالچ کو خاطر میں نہ لائے، نواز شریف نے ملک کی جغرافیائی سرحدوں کو ہمیشہ کیلئے ناقابل تسخیر بنادیا، چاغی کے پہاڑوں سے اللّٰہ اکبر کی صدا آج بھی پاکستانی قوم کا عہد بن کرگونج رہی ہے۔
وزیراعظم نے کہا کہ یہ ہی شاندار روایت بھارت کےحالیہ بلاجواز حملوں کے خلاف قوم نے ایک مرتبہ پھر دہرائی، جوہری پروگرام کیلئے بے پناہ قربانیاں دینے پر قوم کو سلام پش کیا۔
وزیراعظم نے ذوالفقارعلی بھٹو، ڈاکٹر عبدالقدیر خان، سائنسدانوں اور انجینئرز سمیت افواج پاکستان، قومی اداروں اور ایٹمی پروگرام میں حصہ ڈالنے والے معماروں کو سلام پیش کیا۔
انہوں نے کہا کہ جوہری اثاثوں کی بھرپورحفاظت کرنے پر مسلح افواج کو بھی خراج تحسین پیش کرتا ہوں، یوم تکبیر قوم کے اتحاد، آزادی اور خودمختاری پر سمجھوتہ نہ کرنے کے اعلان کا دن ہے۔