پشاور:
خیبر میڈیکل یونیورسٹی پشاور میں ایک اور ہراسمنٹ کیس پایہ تکمیل تک پہنچایا گیا جس میں 18 گریڈ کے افسر کو ملازمت سے برطرف کر دیا گیا جبکہ مرکزی ملزم طالب علم کو بھی مستقل طور پر جامعہ سے خارج کیا گیا۔
خیبر پختونخوا کے وزیر برائے اعلیٰ تعلیم مینا خان آفریدی نے ایکس پر پیغام دیتے ہوئے جامعہ کے عملے کو شاباش دی۔
اپنے پیغام میں مینا خان آفریدی نے بتایا کہ پختونخوا کی ایک اعلیٰ تعلیمی ادارے میں ہراسانی کے خلاف ایک اور مؤثر اور فیصلہ کن اقدام کیا ہے۔
تفصیل بتاتے ہوئے انہوں نے لکھا کہ 18 مئی کو وائس چانسلر KMU کو امتحانی ہال میں پیش آنے والے ہراسانی کے واقعے کی شکایت موصول ہوئی۔ 19 تا 23 مئی انکوائری کمیٹی نے مکمل شفافیت اور دیانت داری سے تحقیقات کیں۔
مینا خان آفریدی نے بتایا کہ 26 مئی کو 17 سالہ سروس کے حامل گریڈ 18 افسر کو ملازمت سے برطرف کر دیا گیا جبکہ مرکزی ملزم طالب علم کو مستقل طور پر جامعہ سے خارج اور آئندہ داخلے سے محروم کر دیا گیا۔ دیگر ملوث طلبہ کو معمولی سزائیں دی گئیں۔
وزیر برائے اعلیٰ تعلیم نے کہا کہ ٹیم KMU کو شاباش، جنہوں نے ہراسانی کے خلاف صفر برداشت کی پالیسی پر عمل کرتے ہوئے جامعہ کے وقار اور محفوظ تعلیمی ماحول کو یقینی بنایا۔